
کراچی ( رنگ نو ڈاٹ کام)الخدمت کراچی کی جانب سے باہمت یتیم بچوں اوران کی
ماؤں کوگلشن معمار میں واقع ” آغوش ہوم “ کا دورہ کروایا گیا ۔جہاں انہیں بچوں کیلئے فراہم کی جانے والی رہائشی ،تعلیمی اور تفریحی سہولتوں سے متعلق خصوصی بریفنگ دی گئی اور آغوش ہوم کے مختلف حصوں کا معائنہ کروایا گیا ۔ماؤں کو آغوش ہوم کے رہائشی کمروں ،کھانے کے کمرے ،وضوخانے ،مسجد ،کھیل کے میدان ،لیکچر سینٹر اوراسلامک کلچرل آڈیٹوریم سمیت دیگر حصوں کا دورہ کروایا اور انہیں بتا یا گیا کہ ان کے بچوں کو اس آغوش ہوم میں تمام معیاری سہولتیں مہیا کی جائیں گی اور انہیں یہاں گھر کی طرح آرام دہ اورشفقت والا ماحول فراہم کیا جائے گا ۔باہمت بچوں کی ماؤں نے رہائشی آغوش ہوم کا دورہ کیا تو ان کی خوشی دیدنی تھی۔ انہوں نے الخدمت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اورامید ظاہر کی کہ ان کے بچے یہاں سے تعلیم وتربیت حاصل کر کے معاشرے کے تعلیم یافتہ اور قابل فرد بن کر نکلیں گے ۔
اس موقع پرسینئر منیجر الخدمت کراچی عنایت اللہ اسماعیل نے کہا کہ الخدمت آغوش ہوم 200یتیم بچوں کیلئے قائم کیا گیا ہے .ابتدائی طور پر 50بچوں کو گلشن معمار میں وسیع و عریض رقبے پر قائم اس ”آغوش ہوم“ میں شاندار قسم کی رہائش ،خوراک ،تعلیم اور علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ،جبکہ یہاں بچوں کی تفریح کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے ۔مائیں فکر مند نہ ہوں ان کے بچے ہمارے بچے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ماؤں سے ان بچوں کی ملاقات کا اہتمام بھی الخدمت کرے گی ۔یتیم بچوں کی کفالت الخدمت کا مشن ہے اور ہم اس مشن کو وسعت دینا چاہتے ہیں ۔اہل خیر افراد کو چاہیے کہ وہ الخدمت کے ساتھ پھر پور تعاون کریں ۔




































