
کراچی ( ویب ڈیسک،فوٹو فائل )یوم باب الاسلام ، اسلامی تاریخ کے عظیم نوجوان سپہ سالار
محمد بن قاسم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ شہید حکیم محمد سعید تحریک باب الاسلام کے علمبردار تھے۔ وہ اپنے قائم کردہ ہمدرد پبلک اسکول میں یہ دن شایان شان طریقے ہر سال سے مناتے تھے۔
محترمہ سعدیہ راشد چیف متولیہ ہمدرد پاکستان نے اپنے پیغام میں محمد بن قاسم کی اسلامی خدمات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ محمد بن قاسم ایک اولولعزم اور فہم و فراست سے مالا مال بہادر سپہ سالار تھے۔ جنہوں نے 17 سال کی عمرمیں93 ہجری میں سرزمین سندھ کے راستے برصغیر کو اسلامی تہذیب و ثقافت سے روشناس کرایا اور اپنی خداداد انتظامی صلاحیت، سیاسی سوجھ بوجھ، انصاف پسندی اور مساویانہ سلوک سے سندھ کے لوگوں کے دل جیت لیے۔ محمد بن قاسم کا اس خطہ میں اسلام کی دعوت لے کر آنا سندھ ہی نہیں بلکہ دنیا کے نقشے پر مملکت خداداد پاکستان کے وجود کا پیش خیمہ ثابت ہوا۔
انہوں نے محمد بن قاسم کی فوج کے روٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مدینتہ الحکمہ ٹھیک اس زمین پر قائم ہے جہاں محمد بن قاسم کی فوج نے سرزمین سندھ میں داخل ہو کر سب سے پہلا پڑائو کیا تھا۔ متعدد مورخین اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان طلبہ کو پیغام دیا کہ وہ محمد بن قاسم کو اپنا رول ماڈل بنائیں، اس کی عظیم شخصیت اور کارناموں میں ان کے لیے بہت سے سبق موجود ہیں۔




































