کراچی (نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام)الخدمت کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت” ماحولیات “ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے باہمت یتیم بچوں کے ساتھ” یوم
ماحولیات“ منایا گیا ۔
ا س سلسلے میں لیاری میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ بچوں ،ان کی ماؤں اور سرپرستوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔تقریب میں سابق ایم پی اے حاجی بابو غلام حسین اورناظم جماعت اسلامی لیاری جواد شعیب بطور مہمان موجود تھے ۔
باہمت بچوں کے درمیان ماحولیات کے عنوان سے ”مصوری “ کی سرگرمی کروائی گئی ،جس میں بچوں نے ماحولیات کی اہمیت کو تصویری شکل میں اجاگر کیا ۔پینٹنگز میں ان بچوں نے سرسبز وشادب ماحول کو خوبصورتی کے ساتھ رنگوں کے ذریعے عکس بند کیااور بتا یا کہ پودے ،درخت اورپرندے ماحول کی خوبصورتی کیلئے ضروری ہیں ۔تقریب میں باہمت بچوں میں پرندوں کی محبت کو بڑھانے اوران کیلئے پانی وخوراک کا انتظام کرنے کیلئے انہیں مٹی کے برتن تحفے میں دیئے گئے ،تاکہ ان بچوں کے اندر ماحول اور پرندوں سے محبت کا جذبہ پروان چڑھ سکے۔ بچوں کو ” ماحولیات “ کے عنوان سے لیکچر دیا گیااور انہیں اس کی اہمیت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سید جواد شعیب نے کہا کہ الخدمت یتیم بچوں میں شعور آگہی کیلئے کام کر رہی ہے ۔اسی لیے اہم قومی ایام ان باہمت بچوں کے ساتھ منانے کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔
انہوں نے بچوں نے کہا کہ ہمارے ارد گرد صاف ستھراماحول، چرند پرند،پودے، درخت اورصاف پانی سب ماحولیات کا حصہ ہیں اور یہ زندگی کا حسن ہیں ۔صاف ستھر ے ماحول میں ان سب عناصر کی بقا ہے ۔
جواد شعیب نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم اپنے ارد گر کا ماحول صاف ستھرا رکھیں اور قدرت کی ان تمام چیزوں سے محبت کریں جو ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں ۔اس کے ساتھ اللہ کی نعمتوں کا بھی شکر اداکیا جائے ۔