
کراچی( نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام )الخدمت کے آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت” ماحولیات “ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے باہمت بچوں کے ساتھ”
ماحولیات“ سے متعلق شعور وآگہی کیلئے وائی ایم سی اے سے کراچی پریس کلب تک ایک واک کا اہتمام کیا گیا ،جس میں لیاری کلیسٹر سے تعلق رکھنے والے بچوں ،ان کی ماؤں اور سرپرستوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔
واک کی قیادت رکن سندھ اسمبلی وامیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشیدنے کی۔ اس موقع پر سینئر منیجر آرفن فیملی سپورٹ پروگرام الخدمت عنایت اللہ اسماعیل بھی موجود تھے ۔
واک میں بچوں نے ” گرین کراچی “ کے سلوگن والے بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور وہ کراچی کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے حوالے سے نعرے لگا رہے تھے ۔
اس موقع پرواک میں شریک بچوں اور ان کے سرپرستوں سے خطاب کر تے ہوئے سید عبد الرشید نے کہا کہ اگر بچوں کا مستقبل بہتر بنا نا ہے تو کراچی کو گرین بنا نا ہوگا ۔ماحول کو بہتر بنانے کیلئے کاوشیں کرنا ہوں گی ۔
انہوں نے کہا کہ اچھے ماحول کے شخصیت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ہمیں اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا اور انسان دوست بنانا ہو گا۔یہ اسی وقت ممکن ہوگا ،جب ہم اپنے شہر و ملک سے پیار کریں گے اور ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے ۔شجرکاری سے ماحول کو خوبصورت بنایا جا سکتا ہے ۔سرسبز وشاداب کر اچی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
جماعت اسلامی کے رہنمانے کہا کہ سرکاری و نجی اداروںاور تمام طبقات کو مل کر ماحولیات کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔دریں اثنا بچوں کو کراچی پریس کا ایک مطالعاتی دورہ کروایا گیا ۔
بچے کلب پہنچے تو وہاں سیکریٹری کراچی پریس کلب رضوان بھٹی نے ان کا استقبال کیا ۔اس موقع پر بچوں کو کلب کے مختلف شعبہ جات کمپیوٹر لیب ،ڈائیننگ ہال ،لائبریری ، پریس کانفرنس ہال ،رپورٹرز روم ،جمنازیم ،کچن ،مسجد سمیت دیگر حصے دکھا ئے گئے۔رکن سندھ سمبلی سید عبد الرشید اورسکریٹری کراچی پریس کلب رضوان بھٹی نے بچوں کے ہمراہ نیم کے پودے لگائے۔
بچوں نے پہلی بار پریس کلب کا دورہ کر کے انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور سیکر یٹر کراچی پریس کلب سے اظہار تشکر کیا ۔اس موقع پر کلب کی جانب سے بچوں کی مشروبات سے تواضع کی گئی ۔




































