
کراچی( نمائندہ رنگ نو)الخدمت کراچی کے تحت ”ورلڈ فارماسسٹ ڈے“ کی مناسبت سےشہرمیں قائم اسپتالوں اور میڈیکل
سینٹرزمیں آگہی کیمپس کا اہتمام کیا گیا ۔
کیمپس میں فارماسسٹ اورالخدمت اسپتال اورمیڈیکل سینٹرز کے ذمہ داران موجود تھے،جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد نے کیمپس کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر لوگوں کوفارما سسٹ کے کردار،ادویہ اور اس کے درست استعمال،شوگر بلڈ پریشر کے مریض کی گھر پر مانیٹرنگ اورباڈی ماس انڈیکس (BMI)سے متعلق بھی آگہی فراہم کی گئی جس میں بتایا گیا کہ عمر کے لحاظ سے انسانی وزن کتنا ہونا چاہیے اور زیادہ وزن ہونے کے نقصانات کیا ہیں ۔اس موقع پر کیمپ میں آنے والے افراد کا بلڈ پریشر ،بلڈ شوگر اور باڈی ماس انڈیکس بھی چیک کیا گیا ۔
دریں اثنا ڈائریکٹر فارمیسی سید جمشید احمد نے کہا کہ الخدمت کےاسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز میں فارمیسی کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔فارما سسٹ کو چاہیے کہ وہ ادویہ سے متعلق نئی نئی معلومات کا حصول یقینی بنائیں ۔مریض اور ان کے لواحقین کو ادویہ کے درست استعمال سے متعلق آگاہی اورمشاورت فراہم کریں ۔
سید جمشید احمد نے کہا کہ الخدمت اپنے اسپتالوں اورمیڈیکل سینٹرز کی فارمیسیزمیں مریضوں کی کاؤنسلنگ،ادویہ کے اعلیٰ معیاراورادویہ کو مجوزہ درجہ حرارت پر رکھنے کا بھی اہتمام کرتی ہے ۔
انہوں نےکہا کہ کیمپس کے انعقاد کا مقصدلوگوں کو عمرکے لحاظ سےوزن ،بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض کی گھر پر دیکھ بھال کے حوالے سے آگہی فراہم کرنا تھا ۔




































