کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام )الخدمت کر اچی کی جانب سے بلوچستان کے زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کیلئےامدادی سامان کا ٹرک الخدمت
کے مرکزی دفتر سے روانہ کر دیاگیا۔
امدادی سامان امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی نگرانی میں روانہ کیا گیا۔اس موقع پر سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی راجا عارف سلطان،ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔
الخدمت کی جانب سے روانہ کیے گئے امدادی سامان میں خشک راشن،خیمے،کمبل،رضائیاں،پینے کا صاف پانی اور دیگر اشیا شامل تھیں۔امدادی سامان کا ٹرک ہرنائی پہنچے گا،جہاں سے یہ امدادی سامان الخدمت کے ضلعی ذمہ داران متاثرین میں تقسیم کریں گے۔بلوچستان کے زلزلے میں 20سے زائد اموات اور درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔زلزلہ سے ہرنائی زیادہ متاثر ہوا ہے۔
امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلوچستان میں آنے والا زلزلہ اللہ کی جانب سے آزمائش ہے۔آزمائش کی اس گھڑی میں الخدمت بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بلوچستان میں زلزلہ کے باعث ماشکیل اور آواران میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا تھا۔اس وقت بھی الخدمت کی جانب سے زلزلہ متاثرین کیلئے نہ صرف ریسکیو اور ریلیف کے کام کیے گئے تھے بلکہ متاثرین کی بھر پور مدد کی گئی۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے 8اکتوبر 2005میں آنے والے زلزلے میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لیاتھا۔وہا ں بڑے پیمانے نہ صرف امدادی کام کیے بلکہ متاثرین کو گھر تعمیر کرکے دیے تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے زلزلہ میں جاں بحق افرادکے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ الخدمت بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔