
کراچی ( نمائندہ رنگ نو ) الخدمت خواتین کے تحت دوروزہ” سب رنگ فیسٹیول “جمعرات کی شام اختتام پذیر ہوگیا ۔دوروزہ فیسٹیول میں خواتین نے بڑی تعداد میں
شرکت کی۔
اس موقع پر اسکول کی طالبات اور بچیوں نے بھی سب رنگ فیسٹیول کا دورہ کیا ۔سب رنگ فیسٹیول میں خواتین کے ہاتھ سے بنی اشیاءنمائش کیلئے رکھی گئی تھیں ۔اس نمائش کا مقصد مستحق اور ضرورت مند خواتین کو بااختیار بنانا تھا ۔
فیسٹیول میں خواتین کے ہا تھ سے بنی اشیا ،ملبوسات ،حجاب اور خواتین کے استعمال کی دیگر اشیا کے اسٹالز لگائے گئے ،جہاں انتہائی ارزاں نرخوں پر یہ اشیا دستیاب تھیں ۔اس موقع پرصدر الخدمت خواتین منوراخلاص و دیگر ذمہ داران موجود تھیں۔ فیسٹیول میں آنے والی خواتین نے الخدمت خواتین کی اس کاوش کو سراہا اورامید ظاہر کی کہ اس طرح کے فیسٹیول کا انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔
اس موقع پر منور اخلاص نے کہا کہ الخدمت خواتین معاشرے کی غیر ہنر مند خواتین کو ہنر سکھانے اور انہیں خو د کفیل بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو راشن دینے کے بجائے انہیں ان کے پیروں پر کھڑا کریں ،کیونکہ بے روزگار ی اور غربت ڈپریشن کی بڑی وجہ ہے ،جب خواتین ہنر مند ہوں گی توخاندان خوشحال ہوگا ۔
منور اخلاص نے کہا کہ الخدمت خواتین جہاں زندگی کے دیگر شعبہ جات میں کام کر رہی ہیں، وہاں ان کیلئے ہم نے اسکل ڈیولیمنٹ سینٹر بھی قائم کیا ہوا ہے ،جہاں خواتین کو مختلف ہنر سکھائے جاتے ہیں ۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ اس نیک مشن میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔




































