
کراچی (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) دعا زہرا کے والدین نے بیٹی سے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ دعا ہمارے ساتھ جانا چاہتی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں دعا زہرا نے والدین سے ملاقات کی ، جس کے بعد والدہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دعا نے میرے ساتھ جانے کا کہا ہے، پولیس دوبارہ عدالت لے جانے کے بجائے اپنے ساتھ لے گئی ہے جس کے بعد دعا زہرا کی والدہ کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ زمین پر گر گئیں۔
والد مہدی کاظمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم نے دعا زہرا سے چیمبر میں ملاقات کی ، بچی سے آرام سے بات کی اس نے کہا گھر جانا چاہتی ہوں ، ہم نے جج صاحب سے کہا بچی دوبارہ بیان دینا چاہتی ہے لیکن جج صاحب نے دوبارہ بیان نہیں لیا۔
یاد رہے سندھ ہائی کورٹ میں دعا زہرا کیس کی سماعت ہوئی ، دعازہرااور اس کے شوہر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر میڈیکل کرانے کا حکم دیا تھا، ہم نے کچھ دستاویزات پیش کرنی ہے۔
جسٹس جنید غفار کا کہنا تھا کہ آپ نے جو بھی پیش کرنا ہے ٹرائل کورٹ میں پیش کریں، ہمارے پاس بازیابی کا کیس تھا ، بچی بازیاب ہو گئی ہے،پراسکیوٹر جنرل سندھ نے کہا کہ کیس نمٹا دیا جائے۔باقی معاملات کیلئے کیس ٹرائل کورٹ بھیج دیں جس کے بعد عدالت نے دعا زہرا کو والدین سے ملنے کی اجازت دے دی تھی۔




































