
کراچی(ویب ڈیسک)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ اتوار21اگست شام 4بجے مین یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر پر ”حقوق
کراچی مارچ“ کریں گے۔مارچ میں بچے ،بوڑھے جوان اپنی فیملیز کے ساتھ شرکت کریں گے۔کراچی کے نوجوان مارچ کے رضاکار بنیں ، گلی گلی اور محلے محلے مارچ میں شرکت کی دعوت دیں۔
گزشتہ روز ادارہ نورحق میں پر یس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی نے مسائل میں اضافہ کیا ہے ،وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کی ملی بھگت کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ،کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کو بد ترین لوڈ شیڈنگ اوور بلنگ کے عذاب میں مبتلا کرنے پر ”کے الیکٹرک مافیا کو لگام دو“تحریک چلائیں گے ،کے الیکٹرک سے کلاءبیک کی مد میں 50ارب روپے کراچی کے عوام کو واپس دلوائے جائیں،حکمران جماعتیں کراچی سے صرف لینا جانتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی نے گزشتہ سال کی نسبت 42فیصد زیادہ ٹیکس ادا کیا ہے ،یہ شہر جی ڈی پی میں 42فیصد سے زائد حصہ لیتا ہے اورقومی خزانے میں 67فیصدریونیو جنریٹ کرتا ہے ،جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے حقوق کے لیے آئینی ، قانونی اور جمہوری جدوجہد کررہی ہے ،عوام بلدیاتی انتخابات میں ترازو پر مہر لگائیںاور جماعت اسلامی کا میئر منتخب کریں ، جماعت اسلامی دیگرجماعتوں کی طرح عوام کامینڈیٹ فروخت نہیں کرے گی ۔
اس موقع پر نائب امراءکراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،راجہ عارف سلطان،سیکر یٹری کراچی منعم ظفرخان,امیر ضلع کیماڑی مولانا فضل احد حنیف ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ہم آج بھی الیکشن کمیشن سے سوال کرتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات کو ایک ماہ 4دن کے لیے کیوں ملتوی کیا گیا؟جو بیلٹ پیپرز چھپ چکے ہیں اور آراوزاور ڈی آراوز تک پہنچ چکے ہیں ،ان میں شفافیت کیسے ممکن ہوسکتی ہے ؟،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اس کانوٹس لیں اور بیلٹ پییپرز دوبارہ نئے رنگوں میں چھپوائے جائیں ،تاکہ انتخابات میں شفافیت ہوسکیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 245کے تحت پولنگ اسٹیشن پرپولیس او ر رینجرز کے اہلکارتعینات کیے جائیں ۔
انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام اب ان تمام جماعتوں کو مسترد کردیں جنہوں نے کراچی کو تباہ و برباد کیاہے اورجن کے ایجنڈے میں کراچی کبھی شامل ہی نہیں رہا،جماعت اسلامی کے سوا کوئی بھی جماعت کراچی کے مسائل حل نہیں کرسکتی ۔انہوں نے کہاکہ شہر اس وقت بد ترین صورتحال کا شکار ہے ، شہر کی بڑی بڑی سڑکوں میں کئی کئی فٹ کے گڑھے پڑ چکے ہیں ، وفاقی وصوبائی حکومت اس طرح مطمئن ہیں کہ جیسے ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب میں کوئی مسئلہ ہی نہ ہو، کراچی کے عوام بنیادی ضروریات اور سہولیات سے محروم ہیں ،ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام موجود نہیں ،شہری چنگ چی رکشوںپر سفر کرنے پر مجبور ہیں ،ہیلتھ سروے اور میڈیکل رپورٹس کے مطابق کراچی کے شہریوں میں ریٹرھ کی ہڈی کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام دوہری اذیت کاشکار ہیں ، ایک جانب شہری پوری رات بجلی نہ ہونے کی وجہ سے جاگ کر گزارتے ہیں دوسری جانب صبح ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر سفرکرنا پڑتا ہے ،شہریوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے ۔




































