
کراچی ( نمائندہ رنگ نو )الخدمت کی جانب سے متاثرین سیلاب کو امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے
امدادی سامان سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں الخدمت کے ذمہ داران کی نگرانی میں متاثرین میں تقسیم کیا جا رہا ہے،جبکہ شہریوں کی جانب سے الخدمت کے کیمپوں میں امدادی سامان جمع کروائے جانے کا عمل جاری ہے۔
الخدمت کے مرکزی فلڈ ریلیف کیمپ میں بڑی تعداد میں رضاکاروں کے ساتھ ،بچے، خواتین اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ((SSU کے اہلکارامدادی کاموں میں مصروف ہیں ۔ادھر کراچی پریس کلب کے سیکریٹری رضوان بھٹی کی قیادت میں وفد نے الخدمت کے ریلیف مرکز کا دورہ کیا ،جبکہ رکن سند اسمبلی سید عبد الرشید نے بھی الخدمت فلڈریلیف مرکز اور کچن کادورہ کیا ۔اس موقع پر ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی بھی موجود تھے۔
کراچی پریس کلب کے وفد نے چیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ سے الکدمت کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبرگورننگ باڈی خلیل ناصر،سید نبیل اختر ،سابق جوائنٹ سیکریٹری ثاقب صغیر اور اظفر وقاص بھی موجود تھے ۔اس موقع پر وفد نے الخدمت کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کیے جانے والے کاموں کو سراہا اور کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے الخدمت کے کام مثالی ہیں اور کراچی پریس کلب اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ کا ا س موقع پر کہنا تھا کہ الخدمت نے سیلاب کی آمد کے ساتھ ہی شہر بھر میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے تھے،شہر بھر سے لوگ تاحال امدادی سامان الخدمت کو دے رہے ہیں۔ یہاں یومیہ 600رضاکار خدمت میں مصروف ہیں اور لوگ امدادی کاموں میں شریک ہونے کیلئے خود کو رجسٹرڈ کروارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت جو بھی کام کر رہی ہے،میڈیا کے ذریعے سےاسے لوگوں تک پہنچانا چاہیے۔انہوں نے آزادی صحافت کیلئے پریس کلب کے کردار کی بھی تعریف کی ۔دریں اثنا رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے فلڈ ریلیف کیمپ میں جاری سرگرمیوں پر خوشی او راطمینان کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت نے ماضی میں بھی کام کیا اور ابھی خدمت کی مثال رقم کی ہےاور اب بھی اپنے کاموں سے مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت پر لوگ اعتماد کرتے ہیں اور یہ اعتماد اس کے کاموں کی وجہ دے ہے ۔انہوں نے تمام رضاکاروں کے جذبے کی تعریف کی ۔




































