کراچی ( نمائندہ رنگ نو )الخدمت کراچی کوجعفر برادرزپرائیویٹ لمیٹڈ کراچی اورسیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں ڈینگی کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر
فیو میگیشن مشین اور اسپرے میں استعمال ہونےوالی دوا عطیہ کردی ہیں ۔
اس سلسلے میں فیومیگیشن مشین اور دوا حوالےکرنے کی تقریب جمعہ کی صبح جعفر برادرزکے دفتر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سی ای او الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ایگز یکٹوڈائریکٹرراشد قریشی،منیجر ڈیزاسٹر سرفراز شیخ ، سی ای اوجعفر برادر گروپ آف کمپنیز فرید ہارون جعفر،ڈائریکٹر کارپوریٹ سروسز صابر زیدی،منیجر فنانس طارق رؤف،گل رخ حسن ہیڈ آف کارپوریٹ کمیونیکیشن ،سی ای او انری اینڈ آٹو میشن محمد عامر سلمان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر فیومیگیشن مشین اور دوا الخدمت کےحوالے کی گئیں ۔ سی ای اوجعفر برادرپرائیویٹ لمیٹڈ فرید ہارون جعفر نےکہا کہ یہ پاکستان کیلئے مشکل وقت ہے،جب ایک طرف تو قوم کو سیلاب کی وجہ سے شدید مشکلات کاسامنا ہے،دوسری جانب وبائی امراض بھی سر اٹھا رہے ہیں ۔الخدمت نے سیلاب کے بعد بھی اور اس سے پہلے بھی ہمیشہ کراچی میں اسپرے کی بہترین مہم چلائی ہے۔ اس کے کاموں کا اعتراف کرتے ہیں ،جس کوسامنے رکھتے ہوئے ہم نے الخدمت کو یہ فیومیگیشن مشین عطیہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر اس کام کو کریں گے۔ ہم متاثرین کی بحالی میں الخدمت کےساتھ ہیں اورآئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے ۔
ڈائریکٹر کارپوریٹ سروسز صابرزیدی نےکہا ڈینگی اس وقت بڑا چیلنج بنا ہوا ہے،اسپتالوں میں بہت رش ہے۔ ڈینگی سے بچاؤکااسپرے وقت کی ضرورت ہم الخدمت کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، اسی لیے ہم نے الخدمت کے ساتھ مل کر یہ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ای او الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ وہ جعفر برادرپرائیویٹ لمیٹڈکے مشکور ہیں کہ وہ الخدمت کے کاموں کی وجہ سے اس پر بھرپور اعتمادکرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت پورے کراچی میں ڈینگی سے بچاؤکیلئے اسپرے کررہی ہے جبکہ اس حوالے سے الخدمت کی ایک تاریخ ہے۔الخدمت نے کورونا کے دنوں میں بھی پورے شہر میں اسپرے مہم کامیابی سے چلائی ۔موسمی تبدیلی ،سخت حالات یا سیلاب کے دنوں میں الخدمت اسپرے مہم میں پیش پیش رہتی ہے،جبکہ الخدمت حالیہ سیلاب سے متاثرہ سندھ کے علاقوں اور کراچی میں بھی بڑی اسپرے مہم جاری رکھے ہوئے ہے ۔نوید علی بیگ نے توقع ظاہر کی کے جعفر برادرپرائیویٹ لمیٹڈکا تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا ۔