کراچی (نمائندہ رنگ نو )الخدمت کراچی سے انڈس میڈیکل کالج آف فیملی میڈیسن اینڈ پبلک ہیلتھ ،قرطبہ کیئر انسٹی ٹیوٹ اوربیسٹ کیئر ہسپتال سے میڈیکل
پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ سمیت دیگر معاہدے طے پاگئے۔جمعہ کی صبح الخدمت ہسپتال اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر ناظم آباد میں ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی جس میں الخدمت کراچی کی جانب سے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری نے سی ای اوانڈس میڈیکل کالج آف فیملی میڈیسن اینڈ پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ظفر زیدی ،کوفاؤنڈر قرطبہ کیئر انسٹی ٹیوٹ ملک احمد جلال ،سربراہ بیسٹ کیئر ہسپتال ڈاکٹر سید معین الدین حسینی کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر دستخط کیے اور دستاویز کا تبادلہ کیا۔
معاہدے کے مطابق الخدمت اپنے سینٹرز میں انڈس کالج کے ایم آرسی جی پی انٹر نیشنل ٹریننگ پروگرام کے امیدواروں کو تربیت دے گی ۔ قرطبہ کیئرانسٹی ٹیوٹ الخدمت کے اسپتالوں اور ڈائیگنوسٹک سینٹرز میں کلینکل روٹریشن کیلئے نرسنگ اور ڈپلومہ اسٹوڈنٹس کی ٹریننگ کرے گی جبکہ بیسٹ کیئر ہسپتال اپنے ہسپتال مریضوں کو وہ سہولتیں فراہم کرے کا جو الخدمت میں دستیاب نہیں۔
تقریب سے انڈس میڈیکل کالج آف فیملی میڈیسن اینڈ پبلک ہیلتھ کی پرنسپل ڈاکٹر فریدہ امین ،الخدمت کے سینئرایچ آر منیجر حبیب الرحمن اور ایم ایس الخدمت ناظم آباد اسپتال ڈاکٹرفراز عالم نے بھی خطاب کیا ۔
۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ ڈاکٹر لوگوں کی خدمت کررہے ہیں ۔کسی بھی شخص کی مذہب ،رنگ ونسل کی تفریق کے بغیر جان بچانا ہماری ذمہ داریہ ہے۔الخدمت پر لوگ اعتماد کرتے ہیں ۔ادارے دیواروں سے نہیں بنتے بلکہ اعتماد اور خلوص سے بنتے ہیں۔ وہ بچے اور بچیاں جو ہسپتالوں میں رات کی ڈیوٹیاں انجام دیتے ہیں وہ خدمت کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا الخدمت کے ساتھ دیگر اداروں کا معاہدہ انشااللہ اکیڈمک تبدیلی لائے گا ۔
ڈاکٹر ظفر زیدی نے کہا کہ انڈس ہسپتال کے ذریعے ہم غریبوں کا علاج کرتے ہیں ،اس کے تحت کالج قائم ہوگیا ہے۔ انشاللہ جلد میڈیکل یونیوسٹی بھی قائم ہوگی۔الخدمت جو کام کر رہی ہے ہم اس کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ فیملی میڈیسن اور پرائمری ہیلتھ پرکام کر نے کی ضرورت ہے۔الخدمت کا وسیع نیٹ ورک ہے اس کے پاس سہولتیں بھی ہیں ،انشاللہ مل کر کام کریں گے تو کام میں بہتری آئے گی۔ ملک احمد جلال نے کہا کہ الخدمت پاکستان میں ہی نہیں پاکستان سے باہر بھی مشکل وقت میں کام کر تی ہے ۔پاکستان میں پبلک ہیلتھ کے شعبے میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم اور الخدمت مل کر پبلک ہیلتھ سروسز کو بہتر کریں گے تاکہ لوگوں کو اداروں میں آکر سہولت اور اطمینان حاصل ہو ۔
ڈاکٹر معین الدین حسینی نے کہا کہ پورے ملک میں پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر قائم کرنا چاہتے ہیں ،اس میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ الخدمت بڑی این جی او ہے اس کا وژن آئندہ سو سال کیلئے ہونا چاہیے ۔ انشااللہ اس سے الخدمت مزیدآگے بڑھے گی۔ انہوں نے تجویز دی کی الخدمت اور انڈس مل کر پبلک سیکٹر میں انشورنس پالیسی بنائیں۔ انہوں نے الخدمت کے ساتھ معاہدے پر مسرت کا اظہار کیا ۔
ڈاکٹر فریدہ امین نے کہا کہ الخدمت اور انڈس کا وژن ملتا جلتا ہے، جنرل پریکٹیشرز جن کا تجربہ 5سال ہے ایم آرسی جی پی انٹرنیشنل کی ٹریننگ کرسکتے ہیں ۔ ہم انہیں رہنمائی دیں گے کہ وہ کس طرح آگے آسکتے ہیں۔ مریض کو کس طرح سہولت پہنچائی جا سکتی ہے اور علاج کے اخراجات بھی کم ہوں ۔ڈاکٹر فراز عالم اور حبیب الرحمن نے کہا کہ الخدمت صحت کے ساتھ دیگر شعبہ جات میں بھی لوگوں کی خدمت کر رہی ہے۔ صحت کے شعبے میں اس کے ہسپتال، کلینکس اور ڈائیگنو سٹک سینٹرز لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں ۔انہوں نے الخدمت ،انڈس کالج ،قرطبہ کیئر انسٹیٹیوٹ اور بیسٹ کیئر ہسپتال کے ساتھ معاہدوں کو خوش آئند قرار دیا ۔