کراچی(نمائندہ رنگ نو)الخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نے مستحقین اورضرورت مندوں کیلئے ”رمضان فوڈ پیکیج “کے تحت 300مستحق
خاندانوں میں راشن تقسیم کردیا ۔
پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 کےہال میں منعقدہ تقریب میں راشن بیگ تقسیم کیے،جوعلاقے کے ملحقہ کچی آبادیوں کے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے گئے ۔
راشن پروگرام کا افتتاح امیرجماعت اسلامی ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ اورالخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی چیئر پرسن نویدہ انیس نے کیا۔
اس موقع پر معززین علاقہ اورالخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے ذمہ داران موجود تھے۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی ضلع قائدین ویوسی چیئر مین سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج ہر طرف حکومت نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے اورعوام پستے چلے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہےکہ وہ عوام کو ریلیف دے لیکن ہم دیکھتے ہیں ملک کےساتھ ساتھ عوام کی مشکلات بھی بڑھتی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت لوگوں کی مثالی خدمت کررہی ہے ۔زلزلوں ،سیلابوں میں یہ کبھی عوام کی خدمت میں پیچھے نہیں رہے ۔الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی خواتین اللہ کی رضا کیلئے یہ کام کر رہی ہیں۔پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ ان کا ساتھ دیں۔تقریب میں 300 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کر تے ہوئے نویدہ انیس نے کہا کہ پہلےمرحلے میں 300 پی ای سی ایچ ایس سے ملحقہ کچی آبادیوں کے مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے تاکہ انہیں رمضان کی بابرکت ساعتوں میں شریک کیا جا سکے ۔راشن کی تقسیم کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت کراچی سمیت ملک بھر میں لاکھوں مستحق خاندانوں تک ان کی عزت نفس کا خیال رکھتےہوئے راشن پہنچاتی ہے۔الخدمت مختلف شعبہ جات میں کام کر رہی ہے اوراس کے کاموں کا دائرہ کافی وسیع ہے۔انہوں نے کہ خدمت کے ان کاموں میں اہل خیر ہمارا ساتھ دیں۔