
کراچی (نمائندہ رنگ نو)الخدمت کراچی کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کےتحت شہرمیں قائم تمام ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کو فعال کردیا گیا ہے۔ تمام سیلزمیں
ممکنہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری سامان موجود ہے تاہم رضاکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔
الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اجلاس گزشتہ روز الخدمت کراچی کےمرکزی دفتر میں منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ قاضی سیدصدرالدین نے کی۔
اجلاس میں سینئر منیجر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سرفراز شیخ ودیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔اجلاس میں کراچی میں ممکنہ بارشوں کے دوران ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پراجلا س میں بتایا گیا کہ الخدمت کے تما م ڈیز اسٹرمینجمنٹ سیل کو فعال کر دیا گیا ہے ۔ان سیلز میں بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صور تحال سے نمٹنے کیلئے ضروری سازو سامان موجود ہے ۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ برسوں کے دوران ہونے والی بارشیں بھی شہر کیلئے پریشان کن ثابت ہوئی ہیں ۔ محکمہ موسمیات نےکراچی میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ رضاکارممکنہ بارشوں میں ناخوشگوار صورت حال میں لوگوں کی مدد کیلئے تیار رہیں ،دوران بارش گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں خراب ہوں تو اس دوران لوگوں کی مدد کیلئے بھی تیار رہا جائے ۔رضاکار ندی نالوں کے اطراف نشانیاں لگائیں تاکہ بارش کے دوران لوگوں کی رہنما ئی ہوسکےاور وہ دوران بارش ندی نالوں سے خود کو محفوظ رکھ سکیں ۔
قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے ضرورت پڑنے پر شہریوں کیلئےفری بس سروس بھی شروع کی جاسکتی ہے ۔رضاکاران علاقوں میں جہاں طغیانی کا خطرہے وہاں خصوصی اقدامات کریں ۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں لوگوں کو ریسکیو کرکے انہیں ریلیف پہنچانا الخدمت کا مقصد ہے۔الخدمت کا شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ شہریوں کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے تیار ہے ۔
قاضی سید صدرالدین نے شہریوں سے کہا کہ وہ دوران بارش احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔




































