کراچی (نمائندہ رنگ نو )الخدمت خواتین کےتحت” آﺅ وطن سنواریں“ کے عنوان اور جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے ہیڈ آفس میں خصوصی تقریب کا
اہتمام کیا گیا ،جس میں الخدمت خواتین کے تحت شہر میں قائم 16کمیونٹی سینٹرز کی طالبات نے شرکت کی۔
اس موقع پر طالبات کے درمیان قرات ، تقریر،مہندی اور سلائی کے مقابلے منعقد کئے گئے ۔تقریب میں الخدمت خواتین کراچی اور کمیونٹی سینٹرز کی ذمہ داران موجود تھیں۔ تقریب سے مہمان خصوصی ناظمہ جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین اسماءسفیر، نائب صدر الخدمت خواتین ناہید افتخار، ڈاکٹر راحت قریشی و دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماءسفیر نے کہا کہ الخدمت معاشرے میں خیر کے کاموں کو فروغ دے رہی ہے۔ انسانیت کی بلاتفریق خدمت اس کا مقصد ہے ۔بنو قابل پروگرام الخد مت کا منفرد اور بڑا پروگرام ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کو مفت آئی کورسز سکھائے جارہے ہیں ۔
اسما سفیر کے کہاکہ الخدمت ہرمشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیتی ہے۔کمیونٹی سینٹر کے ذریعےلڑکیوں کو نہ صرف دینی تعلیم دی جاتی ہےبلکہ وہاں انہیں مختلف گھریلو ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں تاکہ یہ طالبات اپنی زندگی کو بہتر انداز میں گزار سکیں اور ان میں دین کی فہم ہو ۔
اسماءسفیر نے کہا کہ یہ دجل کا دور ہے ،اسےسمجھنا ہوگا ۔ نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ معاشرے میں ہر طرف برائیاں ہیں۔خیر کے کاموں میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا جائے ۔
نائب صدر الخدمت خواتین ناہید افتخار نے الخدمت خواتین کے تحت قائم کمیونٹی سینٹرز میں جاری کاموں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگا ہ کیا ۔تقریب کے اختتام پر طالبات کو قرات ، تقریر،مہندی اور سلائی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے پر انعامات تقسیم کیے گئے ۔