کراچی(نمائندہ رنگ نو)جماعت اسلامی اورجےآئی یوتھ یوسی 3 گرین ٹاؤن کی جانب سےعظیم پورہ مین چوک پرجشنِ آزادی کا
پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں جماعت اسلامی کےمنتخب یوسی چیئرمین،وائس چیئرمین ،کونسلرز،معززین علاقہ اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تلاوت قرآن مجید سے شروع ہونےوالےپروگرام میں تقریری مقابلے،قومی وملی نغمے،ٹیبلوز ، کوئز، پینٹنگ کےمقابلےاورآتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا ۔جشن آزادی کے اس پروگرام میں میجک شو اور کراٹے و باکسنگ کے مقابلوں کو بہت پسند کیا گیا۔
جماعت اسلامی شاہ فیصل کالونی،عظیم پورہ اور گرین ٹاؤن کے ذمہ داران نےحاضرین سے خطاب میں کہا کہ وطن عزیز بے پناہ قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ۔ پاکستان بناتے وقت جہدوجہد کرنے والوں کا ایک ہی نعرہ تھا "پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ" مگر اس نعرے کو پسِ پشت ڈالنےکا نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان کو ایک دلدل میں پھنسانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ پاکستان کو اصل کی جانب لوٹایا جائےاورجو خواب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا اس کوتعبیر دی جائے۔ ملک کو چوروں لٹیروں اور ملک دشمنوں سے پاک کر کے حقیقی پاکستان بنایا جائے ۔
تقریب میں تقریری مقابلہ ، ملی نغمے، پینٹنگ میں حصہ لینےوالوں کو انعامات دیےگئے ۔
رات 12 بجتے ہی قومی ترانہ پیش کیا گیا جسے پروگرام میں شریک مرد و خواتین ، بچوں بزرگوں نے ادب کے ساتھ پڑھا۔ اہل علاقہ کی جانب سے شاندار پروگرام پیش کرنے پر جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔