
کراچی ( نمائندہ رنگ نو ) کراچی پریس کلب اور اربن نفسیاتی ومنشیات ہسپتال کےتحت اراکین کراچی پریس کلب اور ان کی فیملیز کو ذہنی
،نفسیاتی اور منشیات کے امراض کے علاج میں سہولت فراہم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ۔ معاہدے کے مطابق اربن نفسیاتی ومنشیات ہسپتال علاج اور داخلے کیلئے 50 فیصد رعایت دے گا۔ یہ سہولت عام صحافیوں کو بھی حاصل ہو گی۔
گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں معاہدے کی سادہ تقریب منعقد ہوئی۔صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ، سیکریٹری شعیب احمد اور ڈائریکٹراربن ہسپتال سید صلاح الدین اختر نے معاہدے پردستخط کیے،جس کے بعد دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔ تقریب میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ،جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان ، چیئرمین ہیلتھ کمیٹی طفیل محمد ،شمس کیریو ،کفیل فیضان ،خورشید انور، زین صدیقی ودیگرممبران کلب موجود تھے۔
تقریب سے خطاب میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نےکہا کہ معاہدہ خوش آئند ہے،ملک میں معاشی بحران ہے ،موجودہ صورتحال میں صحافی اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے دوران ڈپریشن کا کا شکار ہوتے ہیں۔
انہوں نےاربن ہسپتال میں کو دعوت دی کہ وہ کلب میں کیمپ کا بھی اہتمام کرے،سیکر یٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ اربن نفسیاتی ومنشیات ہسپتال کی جانب سے اراکین کلب ان کی فیملیز اور تمام صحافیوں کو ذہنی،نفسیاتی اور منشیات کے علاج کیلئے 50 فیصد رعایت دی ہے۔ذہنی ،نفسیاتی اورمنشیات کے امراض کا علاج مہنگا ہوتا ہے اور لوگ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے علاج نہیں کرواپاتے۔
شعیب احمد نے کہا سرکاری ہسپتالوں میں علاج مشکل ہوچکا یے،مہنگائی کی وجہ سےعام آدمی کا علاج کروانا بھی مشکل ہو ہے۔ ہم اراکین کراچی پریس کلب اور ان کی فیملیز کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ کراچی پریس کلب جلد اراکین کلب کیلئے ہیلتھ کارڈ متعارف کروارہا ہے۔ اس سے اراکین اور ان کی فیملیز کو صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔اس سلسلے میں وزیر صحت سندھ سے بات چیت چل رہی ہے کہ وہ صحافیوں کو شہرکے 4 بڑے ہسپتالوں میں صحت کی سہولت فراہم کریں۔
ڈائریکٹر اربن نفسیاتی ومنشیات ہسپتال سیدصلاح الدین نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی صحافیوں کوصحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کاوشیں قابل قدر ہیں ۔ ہم صحافیوں کو معاہدے کے مطابق اپنے اسپتال میں تمام سہولیات فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نفسیاتی امراض سے متعلق شعوروآگہی کی ضرورت ہے،اربن نفسیاتی ومنشیات ہسپتال میں امریکا کے طرزعلاج کے مطابق معیاری جد تقاضوں کے عین مطابق علاج کیا جاتا ہے۔
انہوں نے صدر کراچی پریس کلب ،سیکریٹری ،اراکین گورننگ باڈی اور ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ چیئر مین ہیلتھ کمیٹی کراچی پریس کلب طفیل محمد نے کہا کہ کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں علاج چیلنج ہے ،عام آدمی یا صحافی علاج کروانے سے قاصر ہیں۔ کلب کی باڈی اور سیکریٹری صاحب کی کوشش کی وجہ سے صحافیوں کو یہ سہولت میسر آئی ہے۔انہوں نے اربن ہسپتال کا شکریہ ادا کیا۔




































