
کراچی (نمائندہ رنگ نو ) ادارہ ٔ ہمدرد پاکستان کا منتہائے مقصود حکیم محمد سعید کا قول ’’پاکستان سے محبت کرو، پاکستان کی تعمیر کرو‘‘ ہے۔ شہید
پاکستان حکیم محمد سعید ایک محب وطن، باعمل مسلمان، ذی الشعور معالج و مدبر اورقومی اتحاد کے زبردست داعی تھے۔ اپنی حیات میں بھی ایسے ہم وطنوں کی حوصلہ افزائی فرماتے تھے جو متفرق شعبوں میں وطن عزیز کا نام روشن کرتے رہے۔ شہید حکیم محمد سعید ایوارڈز شعبہ فنون لطیفہ، کھیلوں، شجاعت اور سماجی خدمت سمیت دیگر کئی شعبوں میں گراں قدر قومی خدمات انجام دینے والے پاکستانیوں کو دئیےجاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے کیا۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ شوریٰ ہمدرد کراچی کے اجلاس بہ عنوان ’احترام جمہور ‘اور شوریٰ اراکین کے لیے سالانہ عشائیےکی تقریب کے دوران شہید حکیم محمد سعید ایوارڈز کی تقسیم کے بعد اظہار خیال فرمارہی تھیں۔
اُنہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات مسرت مصباح،شبینہ مصطفیٰ،پولیس کانسٹیبل سلیم بروہی، خلیل جتوئی اور رفیق سومروکو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ آپ کی نہیں بلکہ بہ طور قوم ہم سب کی کامیابی ہے۔ ادارہ ٔ ہمدرد آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہے،اس امید کے ساتھ کہ آپ مستقبل میں بھی ملک و قوم کی خدمت کے احسن عمل کو جاری رکھیں گے۔
مسرت مصباح تیزاب گردی کی شکار خواتین کی بحالی کے لیے جدوجہد کررہی ہیں اور اُنہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ شبینہ مصطفیٰ دی گیراج کے نام سے کراچی شہر کے علاقے نیلم کالونی میںغریب بچوں کو علم کی روشنی سے منور کرنے کے لیے مفت اسکول چلاتی ہیں۔ پولیس اہل کاروں سلیم بروہی، خلیل جتوئی اور رفیق سومرو نے 2020ء میں اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران بے مثال شجاعت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمنان وطن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملاکر شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی۔ ان خدمات کے اعتراف میں ہمدرد پاکستان کی جانب سے ان شخصیات کو شہیدحکیم محمد سعید ایوارڈسے نوازا گیا۔
سندھ پولیس شعبہ ریپڈ رسپانس فورس کے ایس ایس پی علی رضانے محترمہ سعدیہ راشد اور ہمدرد پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے دوران پولیس اہلکاروں کی بہادری کا واقعہ تفصیلاً بیان کیا۔اُنہوںنے بتایا کہ ہمدرد یونی ورسٹی پولیس کے شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرتی ہے۔
قبل ازیں شوریٰ ہمدرد کراچی کے اجلاس میں اسپیکر شوریٰ جنرل(ر) معین الدین حیدر نےکہاکہ احترام جمہور سے مراداقتدار کی پرامن منتقلی اور اختیارات کی نچلی سطح تک تقسیم و منتقلی سمجھی جاتی ہے۔اداروں کے درمیان طاقت اور اختیارات کا توازن قائم کرکے ہی ہم مرحلہ واراپنےقومی مسائل پر قابو پاسکتے ہیں۔ عوام الناس میں موجود بے چینی کی بڑی وجہ تربیت کا فقدان ہے۔ چینی سیاسی ماڈل میں طاقت کی منتقلی نہایت شفاف طریقے سے ہوتی ہے۔چینی سیاسی ڈھانچے میں عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی ضروریات کی فراہمی پر بھی خاص توجہ دی جاتی ہے۔
زبیدہ مصطفیٰ نے کہاکہ جمہوریت کے ذکر کے ساتھ اکثر یہ سمجھا جاتا ہے کہ جمہوری ماڈل وہی ہے جو مغرب میں نافذ العمل ہے۔ درحقیقت جمہوریت ایک ایسا لچکدار نظام ہے جس کو اقوام اپنی ثقافتی و تہذیبی اقدار سےمزین کرکے اپنی ضروریات کے مطابق ڈھال سکتی ہیں۔
ڈاکٹر عامر تاسین نے کہاکہ جمہوریت کی روح کے مطابق ہر سطح پرعوامی نمائندوں کےپاس اختیارات ہوتے ہیں۔ مقامی یا لوکل گورننس کے ماڈل میں اصلاحات متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔ اسلام میں اجماع کا تصور ہے جس میں متفقہ آراء کو اصول سمجھا جاتا ہے۔عام ووٹر حق رائے دہی کا درست استعمال تب ہی کرسکے گا جب اُسے اپنے حقوق اور ریاست سے متعلق اپنی ذمے داریوں سے مکمل طور پر آگاہی ہوگی۔ لہٰذا قوم کی شعوری تربیت کے لیے اقدامات لینے کی اشد ضرورت ہے۔
انجینئر ابن الحسن رضوی نے کہاکہ پاکستان جیسے کثیر السانی اور کثیرالثقافتی ملک کے لیے جمہوریت ہی بہترین طرز حکمرانی ہے۔تمام قومیتوں اور مختلف مذہبی برادریوں کی مناسب ترجمانی اور نمائندگی ہوتی ہے۔ پاکستان جمہوری جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا۔
پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان نے کہاکہ مسائل کا درست ادراک وہی عوامی نمائندہ کرسکتا ہے جو ان مسائل سے نبرد آزما ہو۔بدقسمتی سے اشرافیہ و حکمران طبقےاور عوام کے درمیان باہمی اعتماد کی گہری خلیج ہے۔ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ کارنر میٹنگزکے ذریعے عوامی سطح کے مسائل و تکالیف کو سمجھیں اور اس ضمن میں متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے پڑھے لکھے لوگوں کو موقع دیںجو عام زندگی میں ان مشکلات کا سامنا کرتے ہوں۔
عثمان دموہی نے کہاکہ پاکستان کی بقا صرف جمہوری عمل سے ہی وابستہ ہے۔ لیکن پاکستان گذشتہ سات دہائیوں میں چار مارشل لا بھگت چکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جمہوری حکومتوں میں بھی فوج کی جانب سے ڈکٹیشن، مداخلت اور آمرانہ رویے کی بازگشت عام رہی ہے۔ تاہم، بدقسمتی سے سیاسی راہ نماؤں، مقتدر طبقات، ذرائع ابلاغ اور عوام کی سطح پر یہ لاحاصل بحث آج بھی جاری ہے کہ پاکستان کی بہتری کس نظام کو اختیار کرنے میں ہے۔
اجلاس میں ڈاکٹررضوانہ انصاری، کموڈور (ر)سدید انور ملک،پرویز صادق، ڈاکٹر ابوبکر شیخ، سینیٹر عبدالحسیب خان، ڈپٹی اسپیکر شوریٰ کرنل(ر) مختار احمد بٹ، انجینئر انوارالحق صدیقی اور پروفیسر محمد رفیع نےبھی خطاب کیااور احترام جمہور کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اجلاس میں ہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر احمد صاحبہ، سینئر ڈائریکٹران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔




































