
کراچی ( نمائندہ رنگ نو ) الخدمت ”واش “ پروگرام کے تحت کورنگی میں ”برمی مہاجرین“ کی رہائشی آبادی والے علاقے ارکان آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن
ویمن ونگ ٹرسٹ کے تعاون سے آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا ۔ آر او پلانٹ کے افتتاح کے بعد کراچی بھر میں قائم الخدمت واٹر پلانٹس کی مجموعی تعداد 55 ہوگئی ہے ۔آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی و چیئر مین لانڈھی ٹاؤن عبد الجمیل اور ڈائریکٹر ” واش پروگرام “ گوہرالسلام نے کیا ۔اس موقع پر منیجر سعد اکبر ،دیگر ذمہ داران اور اہل علاقہ موجود تھے ۔علاقہ مکینوں نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا خیر مقدم کیا ۔عبد الجمیل خان نے پلانٹ اور اس کے آپریٹنگ سسٹم کا بھی معائنہ کیا ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبد الجمیل خان نے کہا کہ” ارکان آباد“ کی آبادی کورنگی کی پرانی آبادی ہے ،جہاں برمی مہاجرین سال ہا سال سے آباد ہیں ۔شہر کے دیگر علاقوں کی طرح ان مکینوں کو بھی پانی کے مسائل کاسامنا ہے ۔الخدمت شہر کراچی کو صاف پانی فراہم کرنے میں مصروف ہے ،یہ بڑی نیکی ہے ۔ آلودہ پانی انسانی صحت اور جان کیلئے خطرہ بن چکا ہے ۔علاقہ مکینوں کو اب صاف شفاف پانی میسر آئے گا ۔
عبد الجمیل خان نے کہا کہ الخدمت فلاحی سرگرمیوں کی ایک تاریخ رکھتی ہے ،اس کی خدمات بلاتفریق اور انسانیت کی خدمت کیلئے ہیں ۔ڈائریکٹر واش پروگرام گوہر السلام نے کہا کہ آج اس پلانٹ کے افتتاح کے بعد پلانٹس کراچی شہر میں پلا نٹس کی مجموعی تعداد 55 ہو چکی ہے ،جہاں معیارکا خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے معیارکی جانچ کیلئے الخدمت کے پاس واٹر ٹیسٹنگ لیب بھی موجود ہے ،جہاں شہر کے تمام پلانٹس کا پانی وقتا فوقتا چیک کیاجاتاہے ،جبکہ پلانٹس کی دیکھ بھال کیلئے بھی الخدمت کے پاس بڑی ٹیم ہے ،انہوں نے کہا الخدمت کے تمام پلانٹس منظم طریقے سے چلائے جا رہے ہیں ۔ہم شہر کے کونے کونے میں ایسے پلانٹس لگانا چاہتے ہیں ۔اس سلسلے میں اہل خیر ہمارے ساتھ تعاون کریں ۔




































