
کراچی (نمائندہ رنگ نو) ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدرمحترمہ سعدیہ راشد نے تحریک پاکستان کے سرگرم راہنما مولانا ظفر علی خان کو خراج تحسین
پیش کرتے ہوئے کہاکہ مولانا ظفر علی خان ایک بے باک صحافی، شاعر و راہبر تھے جنہوں نے اپنے قلم اور سیاسی میدان میں عملی جدوجہد کرکے مسلمانوں کو ایک متحد قوم بنانے اور آزادی کی تحریک میں لازوال کردار ادا کیا۔
وہ گزشتہ روز بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینۃ الحکمہ میں منعقدہ ہمدرد نونہال اسمبلی کے عنوان ’مولانا ظفر علی خان تحریک پاکستان کے راہنما پر خطاب کررہی تھیں ۔اجلاس میں معروف صحافی و ادیب ڈاکٹر اوج کمال صاحب بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
محترمہ سعدیہ راشد نے کہاکہ مولانا ظفر علی خان ایک بےغرض وطن پرست اور ملت کے خیرخواہ تھے۔ا ُنہوں نے اپنی پوری زندگی مسلمانوں کے حقوق اور آزادی کے لیے وقف کردی۔ وہ پاکستان کے نوجوانوں میں ملک و ملت کا روشن مستقبل دیکھتے تھے۔ نونہالان اور نوجوانان کے نام اپنے پیغام میں مولانا ظفر علی خان نے فرمایا تھا کہ ’پاکستان کی ترقی اور حفاظت کا انحصارنوجوانوں پر ہے۔ نوجوان تعلیم، صلاحیت اور وطن سے محبت کے جذبے سے معمور ہوں۔‘
اُنہوں نے نونہالوں کو نصیحت کرتےہوہے کہا کہ وہ مولانا ظفر علی خان کے افکار پر عمل پیرا ہوکر اپنی تعلیم پربھرپور توجہ مرکوز کریں اور مہذب و باکردار بن کر قومی یک جہتی کو فروغ دیں، تاکہ پاکستان دنیا میں ایک روشن مثال بنے۔ نونہالان وطن کو اپنے قول و فعل میں دیانت داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، قانون کی پاسداری کے ساتھ اپنے حقوق اور فرائض سے بھی آگاہی حاصل کرنا ہوگی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اوج کمال نے کہاکہ علم منتقل کرنے سے ہی بڑھتا ہے۔بہ طور قوم ہماری ذمے داری ہے کہ ہم اپنے اسلاف کے عظیم کارہائے نمایاں یاد رکھیں اوراُن کے کارناموں کی معلومات اگلی نسلوں تک منتقل کریں۔محترمہ سعدیہ راشد ایسی پرمغز تقریبات ومحافل کے انعقاد کے ذریعے اس قومی ذمے داری کو باحسن و خوبی انجام دے رہی ہیں۔نونہالان ملت کی فکری تربیت و آبیاری کا سلسلہ شہید حکیم محمد سعید نے شروع کیا تھا۔اُنہوں نے ہمیں سکھایا کہ مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا جذبہ رکھنے والے ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں۔
نونہال مقررین کو سراہتے ہوئےاُنہوں نے کہاکہ آج نونہالوں کی تقاریرمیں غیر مستعمل الفاظ کی درست تلفظ وادائیگی دیکھ کر قلبی اطمینان ہوا کہ نہ صرف ہم اپنے اسلاف کو یاد رکھتے ہیں بلکہ اُردو کا بھی مستقبل روشن ہے۔ بچوں نے وزن کے ساتھ اشعار پڑھے۔
مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے نونہال مقررین نے بھی موضوع پر اپنےخیالات کا اظہار کیا اور مولانا ظفر علی خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض اسپیکر ہمدرد نونہال اسمبلی ارمین خان(طالبہ ہمدرد پبلک اسکول) نے انجام دئیے۔ ٹیبلو پی این جی سیکنڈری اسکول کے طلبہ نے اور دعائے سعید ہمدرد پبلک اسکول اور ہمدرد ولیج اسکول کے طلبہ نے پیش کیے۔




































