
کراچی ( ویب ڈیسک )کنز یومر مووومنٹ اور سماجی تنظیم انسان کے صدر سید صلاح الدین اختر نےکہا ہے کہ موجودہ معاشی
صورتحال میں صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔بجلی اورپانی ناپید ہیں ،مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے ،لوگ ڈپریشن ،بے چینی اور گھبراہٹ جیسی نفسیاتی بیماریوں کا شکا ر ہو رہے ہیں ۔ بدترین معاشی صورتحال میں آج کی ہرتال کی حمایت کرتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے دفتر میں منعقدہ ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئےکہی ۔ سید صلاح الدین اختر نے کہا کہ عوام کے معاشی حالات ابتر ہیں ،جہاں لوگ صحت ،تعلیم ،صاف پانی،بجلی کی بلاتعطل دستیابی سے محروم ہیں، وہیں ٹیکسز کے بوجھ کی وجہ سے ان کا معمولات زندگی متاثر ہیں ۔بہت سے غریب اور تنگ دست لوگ خودکشی کر رہے ہیں ،بجلی کے بھاری بلوں پر بھائی بھائی کو قتل کر رہاہے ،یہ ایک المیہ ہے جس کو فوری دیکھنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں کا بوجھ ختم کرنے کیلئے آئی پی پیز سے معاہدوں کو سنجیدگی کے ساتھ دیکھاجائے ۔مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے فوری اقدامات کیے جائیں ۔کراچی میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور لوگوں میں پائی جانے والی بے چینی ختم کی جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ وسائل سے محروم غریب آدمی مایوسی کا شکار ہے ۔
سید صلاح الدین اختر نے کہا کہ آج بدھ کو جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کےحل کیلئے ملک بھر میں ہڑتال کی کال دی ہے ،تاجر بھی اس ہڑتال میں شریک ہیں ۔ہم بھی اس ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا حکومت کو چاہیے فی الفور ہنگامی اقدامات کرے اور ہرطرح کے صارفین کی مشکلات کو ختم کرے ۔





































