
کراچی(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر غزہ پر اسرائیل کی بمباری ، حالیہ جارحیت و دہشت گردی کے ایک
سال پورے ہونے پر” ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین “ کے سلسلے میں کراچی میں تقریباً 12بجے دن بیک وقت سینکڑوںمقامات پر شہر کی اہم شاہراﺅں اور سڑکوں پر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا گیا اور نہتے و مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا ۔
کراچی کے شہریوں ، تاجروں ، وکلاء، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، علماءکرام ، اساتذہ و طلبہ ، نجی و سرکاری اداروں کے ملازمین اپنے دفتروں ، دکانوں ، تعلیمی اداروں اور گھروں سے نکل کر اور فلسطین کے جھنڈے اُٹھا کر سڑک کے کنارے کھڑے ہوگئے اور امریکہ و اسرائیل اور اس کی سرپرستی کرنے والے مغربی ممالک ، اقوام متحدہ کی ناکامی و دہرے معیار کے خلاف اور اہل غزہ و حماس کے مجاہدین کے حق میں پُر جوش نعرے لگائے ، شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز بھی اُٹھائے ہوئے تھے ۔ احتجاج میں خواتین بھی شامل تھیں ، خواتین نے مختلف سڑکوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی ۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت پاور ہاﺅس چورنگی ، نارتھ کراچی میں مرکزی احتجاج کیا گیا ، جس میں عام شہریوں سمیت اسکولوں کے طلبہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کے ایم سی بلڈنگ کے سامنے سٹی کونسل کے ارکان کے احتجاج اور سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے نیو ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے احتجاج کی قیادت کی اور خطاب کیا ۔
شہر میں دوپہر کے وقت جگہ جگہ احتجاج کے باوجود ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی اور گاڑیاں چلتی رہیں ، اس دوران مسافروں اور گاڑیوں میں سوار لوگوں نے بھی احتجاجی مظاہرین سے یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف نفرت کا اظہار کیا ۔ احتجاج کے دوران متعدد مقامات پر کیمپ لگائے گئے ۔ کیمپوں اور سڑکوں پر بھی فلسطینی ترانے ، القدس ہمارا ہے ، لبیک یا اقصیٰ ، لبیک یا غزہ چلائے اور فلسطینی پرچم لہرائے جاتے رہے ´۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پاور ہاﺅس چورنگی پر احتجاج کے دوران شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ نے اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی کے 365دن مسلسل مزاحمت و جدو جہد اور قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے ، بچوں ، بزرگوں اور خواتین نے جذبہ ¿ ایمانی اور ثابت قدمی کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے ، اہل غزہ و فلسطین نے اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہمیں شہادتیں اور قربانیاں تو قبول ہیں لیکن انبیائؑ کی سرزمین فلسطین اور قبلہ ِ اوّل کی آزادی سے کم کوئی سمجھوتہ اور معاہدہ قبول نہیں کریں گے ۔ اہل غزہ و فلسطین کا لہو پوری امت اور حکمرانوں کو پکار رہا ہے کہ وہ کب جاگیں گے ؟ اور حکمرانوں نے اپنی گردنوں میں غلامی کا قلاوہ کیوں ڈال رکھا ہے ۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی ، مظلوم و نہتے فلسطینیوں پر بمباری اور حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ کی مسلسل مزاحمت کو ایک سال پورا ہو گیا ہے ، آج اہل کراچی سمیت پورے ملک کے عوام نے سڑکوں پر نکل کر حماس کی اپیل پر” عالمی یوم ِ مزاحمت “ سے یکجہتی کرتے ہوئے” یوم یکجہتی فلسطین “ منایا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ قبلہ ِ اوّل کی آزادی کی جدو جہد میں پوری امت حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ ہے ،یہ احتجاج حکمرانوں کیلئے بھی یہ پیغام ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف اُٹھیں ۔





































