لاہور (ویب ڈیسک ) لاہور میں موسلادھار طوفانی بارشوں نے دوسرے روز بھی تباہی مچا دی، شہر کے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔چھت اور سرکاری
ہسپتال سے ملحقہ شادی ہال کی دیوار گرنے سے 4افراد جاں بحق ،جبکہ تین بچوں سمیت 15افراد زخمی ہو گئے ،چھت اور شیڈ گرنے کے واقعات چونگی امر سدھو اور مزنگ میں پیش آئے۔
چونگی امر سدھوکے علاقہ بندیا والہ پل کے ایک گھر کی خستہ ہال چھت گرنے سے 40 سالہ جاوید اقبال4 سالہ ایمان جاوید6 سالہ زارہ اقبال اور 8 سالہ آزان جاوید جاں بحق جبکہ10سالہ کائنات شدید زخمی ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ٹی آر گارڈر کی چھت بارش کی وجہ سے بوجھ برداشت نہ کر سکی اور زمین بوس ہو گئی ۔
مزنگ کے علاقے میں سرکاری ہسپتال سے ملحقہ شادی ہال کی دیوار گرنے سے تین بچوں سمیت 14افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ،مریض اور لواحقین ہسپتال میں موجود تھے کہ دیوار گر گئی جس کے ملبے کے نیچے دب کر تین بچوں سمیت 14افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی کو ہسپتال میں منتقل کیا گیا، ایدھی ترجمان کے مطابق زخمیوں میں 8سالہ ایان،46سالہ شاہد، 10سالہ سعد علی،55سالہ شاہ جمال بی بی ، 2سالہ دانیال،اڑھائی سالہ نور،30 سالہ نومیر،15سالہ شہروز،35سالہ وسیم،34سالہ نوید، 37سالہ ثقلین اصغر، 32سالہ حارث،21سالہ علی اور 22سالہ حمزہ شامل ہیں۔