
اسلام آباد(ویب ڈیسک )ملک کے مختلف حصوں میں 5.6 شدت زلزلے کے شدید جھٹکوں نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا۔زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد،
راولپنڈی،ٹیکسلا ،واہ کینٹ ، پشاور ،صوابی،،کوہاٹ ، دیر، سوات، مالاکنڈ اور چترال،نوشہرہ ،ایبٹ آبا ،مانسہرہ ،ہریپور،شانگلہ، لنڈی کوتل ، بٹ گرام،مردان اور باجوڑ میں بھی زمین لرز اٹھی۔
لاہور، گجرات، سرائے عالمگیر، سیالکوٹ، ظفروال، اٹک، چکوال، جہلم سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ آزاد کشمیر میں بھمبر سماہنی اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 13 منٹ پر آیا، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی، جس کی شدت اس قدر تھی کہ لوگ نیند سے جاگ کر خوفزدہ حالت میں گھروں سے باہر نکل آئے۔
امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق ہندوکش ریجن افغانستان میں زلزلے کی شدت 5.6 اور گہرائی 69 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کا مرکز افغان علاقے کلفغان سے 108کلومیٹر دور مشرق میں تھا۔افغان صوبے نورستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جبکہ تاجکستان اور ازبکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد علاقوں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات کی جانب دوڑتے دکھائی دیئے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم حکام صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔





































