
کراچی/ پشاور/لاہور(ویب ڈیسک) قومی وصوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ۔
ن لیگ کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ، قومی اسمبلی کی آٹھ نشستوں میں سے چھ پرعمران خان اور دو پر پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کرلی ہے جب کہ پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں میں سے بھی دو پی ٹی آئی نے حاصل کی ہیں ۔مسلم لیگ ن صرف ایک نشست ہی حاصل کرسکی۔
قومی اسمبلی کی 8 انتخابی نشستوں کے نتائج کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 6 نشستوں پشاور، مردان، چارسدہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد اور کراچی کورنگی (این اے 239) سے کامیاب ہوگئے ہیں ،جب کہ انہیں کراچی ملیر(این اے 237) میں پی پی امیدوارکے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
ادھر ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 157 پر پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جہاں تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمودقریشی کے بیٹے زین قریشی کی خالی کی گئی نشست پر شاہ محمود قریشی ہی کی بیٹی مہر بانو قریشی کو پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی نے 25 ہزار186 ووٹوں کے بڑے مارجن سے ہرا دیا ہے ۔
علی موسیٰ گیلانی 107327 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ مہر بانو قریشی نے 82141 ووٹ حاصل کیے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی خیبرپختونخوا کی 3، پنجاب کی 3 اور سندھ کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے۔تینوں صوبوں میں پی ڈی ایم اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کا پی ٹی آئی سے سخت مقابلہ ہوا جن میں سے 7 نشستوں پر خود عمران خان بطور امیدوار حصہ لیا جبکہ ایک نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے بلے کے نشان پر الیکشن لڑا۔این اے 22 مردان سے عمران خان 76 ہزار 681 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ جے یو آئی (ف) کے محمد قاسم 68 ہزار 181 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 31 پشاور سے عمران خان 57818 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے ان کے مدمقابل اے این پی کے غلام بلور کے 32 ہزار 252 ووٹ لے کرناکامی سے دوچارہوئے۔ غلام احمد بلور نے شکست تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت نے مجھے ہروایا ہے، الیکشن میں حکومت کی مشینری ہمارے خلاف خوب استعمال ہوئی۔
حکومت نے پولنگ اسٹیشن کے اندر و باہر اپنے لوگ تعینات کیے تھے۔غلام بلورنے کہاکہ مشورہ کرکے الیکشن کمیشن یا ہائی کورٹ جاؤں گا۔ادھراین اے 24 چارسدہ سے عمران خان 78589 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل ایمل خان ولی کے 68356 کے ساتھ دوسرے نمبر پررہے۔این اے 108 فیصل آبادسے عمران خان 99602 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مدمقابل ن لیگ کے عابد شیر علی 75131 ووٹ حاصل کرسکے۔ این اے 118 ننکانہ صاحب میںعمران خان 90180 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔انتخابی نتائج کے مطابق ن لیگ کی امیدوار ڈاکٹر شذرہ منصب علی کھرل 78024 جبکہ ٹی ایل پی کے پیر افضال حسین شاہ 24630 ووٹ لے سکے۔کراچی این اے 239 کورنگی میں عمران خان 47259 ووٹ لے کر کامیاب ہوئےہیں ۔
ان کے مدمقابل ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا صرف 15618 ووٹ لے سکے۔ادھر کراچی این اے 237 ملیر میں پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32567 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ۔یہاں سیعمران خان22493 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات ہوئے۔ تحریک انصاف نے 2 اور ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کی ایک نشست جیت لی ہے۔پی پی209 خانیوال کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار محمد فیصل خان نیازی 71156 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ن لیگ کے چودھری ضیا الرحمن نے 57603 ووٹ حاصل کرسکے۔بہاولنگر کی سیٹ بھی تحریک انصاف نے حاصل کی اور پی پی 241 بہاولنگر میں تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان 59957 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ن لیگ کے امان اللہ ستار 48147 ووٹ حاصل کرکے دوسری پوزیشن پر رہے۔شیخوپورہ کی نشست ن لیگ کے حصے میں آئی اور ن لیگ کے چودھری افتخار احمد بھنگو جیت گئے۔وہ40829 ووٹ لے کر پہلے نمبر رہے۔ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے محمد ابوبکر 37712 ووٹ لے سکے۔پولنگ کے دوران خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف ، عوام نیشنل پارٹی ، جمعیت علماء اسلام (ف)کے کارکنان اور کراچی میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کے کارکنان کے درمیان تصادم کے واقعات سامنے آئے، کراچی میں تصادم کے دوران پی ٹی آئی کراچی کے صدر کے زخمی ہوئے ، فیصل آباد میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان میں لڑائی جھگڑے پر رینجرز کو طلب کیا گیا۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسی گیلانی اور ٹریفک وارڈن کے درمیان تلخ کلامی کی وڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی۔ این اے157ملتان میں فاطمہ جناح کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن کے باہر 2 گروپوں میں فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے 4 افراد کو نشتراسپتال منتقل کیا گیا ،2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
اسھر الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ مجموعی طور ماحول پر پرامن رہا جبکہ الیکشن کمیشن نے ملیر این اے 137 میں پریذائڈنگ افسران کے بیلٹ پیپر پر ٹھپے لگانے کا خبر کا نوٹس لے لیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اتوار کو 3 صوبائی اور 8 قومی حلقوں کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد کو 15 شکایتیں موصول ہوئیں۔ زیادہ تر شکایات کارکنوں کے آپس کے تصادم اور معمولی نوعیت کے جھگڑوں سے متعلق تھیں۔




































