
کراچی ( رنگ نوڈاٹ کام ) میوزیشنز کافنڈ10لاکھ سے بڑھا کر20لاکھ روپے کرنے کا اعلان کرتا ہوں، جب
عبدالستار ایدھی جیسا عظیم انسان بھلائی کیلئے ایک ایک روپیہ جمع کرسکتا ہے اسی طرح میں بھی خود کو فنکار،موسیقار،اداکار اور گلوکاروں کے ساتھ ہر دکھ درد میں برابر کا شریک سمجھتا ہوں۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے طبلہ نواز اسلم خان کے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلم خان بہت محنتی اور انگلیوں سے کام کرنے والا جادوگرانسان تھا،جب ساتھی بچھڑتے ہیں تو دُکھ ہوتا ہے، مجھے بھی بچپن سے ساز بجانے کا شوق تھا،ہمارے لوگوں میں فنڈ دینے والوں کا خیال تھوڑا مذہبی ہے، آرٹسٹوں کی فلاح وبہبود کے لیے ایک ٹرسٹ کی اشد ضرورت تھی جس پر ہم نے بہت سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا کہ میوزیشنز کے لیے فنڈ مختص ہونا چاہیے کیونکہ ٹی وی چینلز کی تعداد میں اضافے کے بعد فنکاروں کو کام مل رہا ہے مگر میوزیشنز اب بھی اس مقام پر نہیں پہنچ پائے جہاں انہیں ہونا چاہیے تھا،
احمد شاہ نے کہا کہ ایک خاص مائنڈ سیٹ کے تحت پوری سوسائٹی کا فیبرک برباد اور کلچر کے ادارے ختم کردیئے تھے کراچی آج سے 30سال پہلے جس دور سے گذرا اس کا آپ تصور بھی نہیں کرسکتے، میوزک کمیٹی کے چیئرمین عمران اِمو نے کہا کہ طبلہ نواز اسلم خان ایک سادہ مزاج انسان تھے ، ان کے ساز بجانے کا فن تعریف کے قابل ہے۔ نذر حسین نے کہا کہ اسلم خان میرے بہت اچھے دوست تھے ،ان کے منہ سے کبھی کسی کے لیے برائی نہیں سنی، ہمیشہ فنکاروں کی تعریف کرتے تھے ۔امجد شاہ نے کہا کہ اسلم خان نایاب فن کے مالک تھے۔
احمد شاہ نے آرٹس کونسل میں تعزیتی ریفرنس کی روایت ڈال کر تمام لوگوں کو آپس میں ملنے کا موقع فراہم کیا جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں،استاد بشیر خان نے کہا کہ مجھے دکھ ہے کہ میرا ساتھی اسلم خان آج مجھے تنہا کرگیا
صاحبزادے ذیشان نے کہا کہ میرے والد بہت اچھے اور نفیس انسان تھے اور ہماری بہت اچھی تربیت میں ان کا بہت بڑا ہاتھ ہے، میں محمد احمد شاہ صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میرے والد کے دنیا سے رخصت ہوجانے کے بعد بھی آج کے دن یاد رکھا۔خادم حسین نے کہا کہ جب مجھے معلوم ہوا کہ اسلم خان اب ہمارے درمیان نہیں رہے تو مجھے صدمہ لگا کہ میں بیان نہیں کرسکتا ہمارا وقت ان کے ساتھ بہت اچھا گزرا وہ ایک ملنسار انسان تھے ہم صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ نے شکر گزار ہیں کہ جو لوگ ہم سے جدا ہوجاتے ہیں انہیں یاد کرنے کاسلسلہ تعزیتی ریفرنس کی شکل میں قائم کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنی برادری سے ،اپنے بھائیوں سے اور اپنی میوزیشن فیملی سے گزارش کرناچاہتا ہوں کہ بروز اتوار آرٹس کونسل میں جنر ل باڈی اجلاس ہے اس میں ہم نے بھر پور شرکت کرنی ہے کیوں کہ ہم سب شاہ صاحب کے بازو ہیں اور ہم سب نے مل کر محمداحمدشاہ کا ہر جگہ اور ہر مقام پر ساتھ دینا ہے اور یہ میری نغمہ ساز کے ممبران سے درخواست ہے کہ ہم سب بڑی تعداد میں جنر ل باڈی اجلاس میں شرکت کر کے بھر پور تعاون کریں گے۔
تقریب سے فیرو زاختر ،خلیل قریشی، فیضان، عدنان،ناصر ،فراز ، شہزاد ، انوار اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ نظامت کے فرائض تنویر آفریدی نے سرانجام دیئے ۔




































