
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس 22 دسمبر 2019ءکو آرٹس
کونسل کراچی کے زیڈ اے بخاری اوپن ایئر تھیٹرمیں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے چیئرمین کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کی۔ جنرل باڈی اجلاس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ہونے والے مختلف تقریبات کی ایک سالہ ویڈیو کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔
اس موقع پر محمد احمد شاہ کا کہناتھا کہ کراچی آرٹس کونسل نے ملکی اور بین الاقوامی پروگرامز کا کامیاب انعقاد کرکے پاکستان کامثبت چہرہ پوری دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی اردو کانفرنس میں اردو زبان نے پاکستان کی علاقائی زبانوں کی میزبانی کرکے ثقافتی ہم آہنگی کی نئی مثال قائم کی ہے۔
محمد احمد شاہ نے کہاکہ آئندہ سالوں میں ہم مزید محنت کریں گے اور ملکی ثقافت کو اجاگر کرنے والے پروگراموں کا انعقاد کرتے رہیں گے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین آرٹس کونسل کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میںرواںبرس صحتمندانہ سرگرمیوں کا کامیاب انعقاد کیا جو خوش آئند بات ہے۔
ہم آئندہ بھی امید کرتے ہیں کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اسی طرح علم و ادب کے گلد ستے میں نئے رنگ بھرتا رہے گا۔
جنرل باڈی اجلاس میں فنونِ لطیفہ سے تعلق رکھنے والے اہل علم و دانش کے علاوہ صنعت کاروں اور سماجی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممبران آرٹس کونسل کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔




































