
کراچی ( رنگ نو ڈاٹ کام) پاکستان کے بہادر پائلٹوں کو خراج تحسین پیش کرنے
کے لیے بنائی جانے والی نئی فلم ’’ شیردل ‘‘‘ بہت جلد ملک بھر کے سنیماگھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔
شیر دل کے پروڈیوسر اور رائٹر نعمان خان ہیں جبکہ اظفر جعفری نے اس کی ہدایات دی ہیں جو اس سے قبل جانان اور پرچی جیسی فلموں کو بھی ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔'شیردل' میں میکائیل ذوالفقار، ارمینہ خان، سبیکا امام اور حسن نیازی مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔فلم کا ٹیزر تو پہلے ہی سامنے آچکا تھا،اب اس کا پہلا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ فائٹر پائلٹ میکائیل ذوالفقار ایئرفورس کو اپنا جنون قرار دیتے ہیں مگر ان کی محبت(ارمینہ خان) فضائیہ سے الگ ہونے کا مطالبہ کرتی ہے۔ابتدائی ٹیزر میں ارمینہ خان خود بھی فائٹر پائلٹ کی وردی میں نظر آئیں مگر اس ٹریلر میں واضح نہیں کیا گیا کہ وہ واقعی پاک فضائیہ کا حصہ ہیں یا نہیں۔
حسن نیازی بھارتی پائلٹ کے روپ میں نظر آئیں گے جن کا میکائیل سے سامنا متحدہ عرب امارات کے ایک فلائنگ اسکول میں ہوتا ہے جبکہ سبیکا امام یواے ای کے اسکول کی انچارج ہیں۔یہ ٹریلر گزشتہ سال پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی جانے والی فلم پرواز ہے جنون سے کچھ ملتا جلتا ہے تاہم کہانی کیا ہے، اس کا اندازہ تو’ شیردل‘ دیکھنے کے بعد ہی ہوگا۔یہ فلم 22 مارچ کو ملک بھر میں ریلیز کی جائے گی ۔




































