
نئی دہلی (شوبز ڈیسک )ناموربھارتی اداکارہ ارمیلا مٹونڈکر نے اپنے شوہر کو پاکستانی کہے جانے پررد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ان باتوں سے ظاہر
ہوگیا کہ کیوں نصیرالدین شاہ کو بھارت چھوڑ کر کسی اورملک میں جاکر بسنے کی بات کہی جاتی ہے۔
برطانوی میڈیا کوانٹرویو میں ارمیلا نے سیاسی مخالفین اوربھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے اپنے شوہر کو پاکستانی کہے جانے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ اب مجھے سمجھ آرہا ہے کیوں عامر خان کو بولاجاتاہے کہ اگر تمہیں اپنے بچے کی فکر ہے تو جاؤ کہیں اور جاکر رہناشروع کردو۔
ارمیلا ماٹونڈکر نے اچانک فلمیں چھوڑ کرسیاست میں شامل ہونے پر کہاکہ ہمارا ملک آج جہاں پر پہنچ چکا ہے اس وجہ سے میں نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں اپنے ارد گرد دیکھتی ہوں تو مجھے سمجھ نہیں آتا کہ کیا یہ واقعی میرا ملک ہےجہاں سب بھائی چارے سے ایک ساتھ مل کر رہتے تھے۔
ارمیلا ماٹونڈکر نے 2016 میں کشمیری بزنس مین محسن اختر میر کے ساتھ شادی کی تھی۔ ہندو انتہاپسند حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ارمیلا کی کانگریس میں شمولیت سے خوش نہیں ہے اور ان کے خلاف سوشل میڈیا پر محاذ کھول رکھا ہے یہاں تک کانگریس میں شمولیت کے 24 گھنٹے بعد ہی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں ارمیلا دائرہ اسلام میں داخل ہوگئی ہیں اور انہوں نے اپنا نام تبدیل کرکے مریم اختر میر رکھ لیاہے۔




































