
ڈسکو دیوانے،آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے،آگ اور دیگر بے شمار سپرہٹ گیتوں سے تہلکہ مچاکر جوانی میں ہی دنیا سے کوچ کرجانے والی شہرہ
آفاق پاپ سنگر مرحومہ نازیہ حسن کے شوہر اشتیاق بیگ نے پہلی بار اپنے اور نازیہ حسن کے کے بارے میں لب کشائی کرتےہوئے کہا ہے کہ ان دونوں کے حوالے بہت سی غلط فہمیاں پھیلائی گئی تھیں۔
جرمن نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویودیتے ہوئے معروف صنعت کار اشتیاق بیگ نے کئی حقائق سے پردہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ نازیہ کی موت سے دس روز پہلے میں نے اسے طلاق دے دی تھی،وہ مرتے دم تک میرے نکاح میں تھی اور میرے پاس اس کا ثبوت موجود ہے۔
اشتیاق بیگ کا کہنا تھا کہ نازیہ ایک بہت ذہین، حسین اور خوبصورت شخصیت کی مالک تھی۔ وہ جو محسوس کرتی تھی اس کا برملا اظہار کر دیتی تھی۔ دنیا کے لیے وہ ایک اسٹار سنگر تھی، میرے لیے وہ میری پوری دنیا تھی، ایک بہت پیار کرنے والی بیوی جسے اپنی تمام ذمہ داریوں کا علم تھا۔
نازیہ میری بہن آفرین بیگ کی دوست تھیں،ہم ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے،میری اور نازیہ حسن کی محبت کی شادی تھی۔1995 میں میری اور نازیہ کی شادی ہوئی اور سن 2000 میں نازیہ اس دنیا سے چلی گئی۔نازیہ کے گھر والوں اور میرے درمیان اختلافات کی بہت سی وجوہات تھیں۔ نازیہ جانتی تھی کہ وہ کینسر میں مبتلا ہے ،اس کی خواہش تھی کہ وہ ماں بنے، میں نے اسے سمجھایا کہ ایسا ممکن نہیں ہے۔ لیکن جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے۔ اس کی یہ خواہش پوری ہوئی اور ہمارا بیٹا پیداہوا ۔
اشتیاق بیگ کا کہنا تھاکہ نازیہ کی والدہ کو غلط فہمی تھی کہ میں اس کے پاپ سنگنگ کیریئر کے خلاف ہوں،حالآنکہ میں نے اس کا مرتے دم تک ساتھ دیا، ہماری ذہنی ہم آہنگی بہت اچھی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ انتقال سے پہلے نازیہ پہلی بار کینسر میں مبتلا نہیں ہوئی تھیں، اس سے قبل بھی ان کو 1992ء میں کینسر ہو چکا تھا۔




































