
مبئی(رنگِ نو ڈاٹ کام ) شاہ رخ خان یوں تو اب بھی ہندوستانی فلم نگری کے بے تاج بادشاہ کہلاتے ہیں،مگر اب ایسا لگتا ہے کہ بالی ووڈ کنگ کی
سلطانی کا سورج اب ڈوب چلا ہے۔ اب تو کئی برس بیت گئے کہ ان کی کسی نئی فلم نے باکس آفس پر دھوم مچائی ہو۔حال ہی میں کنگ خان کی ’زیرو ‘ بھی پٹ گئی۔ ایسے میں لوگ کہنے لگے ہیں کہ شاہ رخ بھی اب ہیرو سے زیرو کی طرف چل پڑے ہیں۔ ’زیرو‘ سنیماگھروں میں کیا ناکام ہوئی،کنگ خان بڑے پردے سے ہی غائب ہوگئے،
تاہم کہتے ہیں کہ زندہ ہاتھی لاکھ کا،تو مرا ہوا سوا لاکھ کا، یہ کہاوت شاہ رخ خان کیلئے سو فیصد درست ثابت ہورہی ہے۔
تازہ خبر یہ ہے کہ شاہ رخ خان نے حال ہی میں اپنی 22 فلموں کے حقوق ایک چینل کو فروخت کردیئے ہیں جن میں ان کی کچھ نئی اور کچھ انتہائی کامیاب پرانی فلمیں شا۔ل ہیں،ان فلموں کے حقوق بیچ کر شاہ رخ نے اچھی خاصی رقم کمالی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ اب وہ پردے کے پیچھے مصروف ہوگئے ہیں،یعنی اپنے پروڈکشن اور دیگر پراجیکٹس پر توجہ دے رہے ہیں۔یہی نہیں بلکہ کرنے اور کمانے کیلئے کنگ خان کے پاس اور بھی کئی چیزیں ہیں۔ جیسے کہ ان کی آئی پی ایل ٹیم ’ کولکتا نائٹ رائیڈرز‘۔ شاہ رخ خان ان دنوں اسٹیڈیمز کے اندر اور باہر اپنی ٹیم کے ساتھ مصروف ہیں اوران کا حوصلہ بڑھاتے دکھائی دے رہے ہیں۔




































