
کراچی(رنگ نوڈاٹ کام ) گلوکارہ حدیقہ کیانی نےانسٹا گرام پر ان کی عمر کے حوالے سے انہیں نازیبا طنز کا نشانہ بنانے والی ایک خاتون یوزر کو انتہائی شائستگی
اور مؤثر انداز میں جواب دے کر سب کے دل جیت لئے۔پاپ اورلوک گیتوں سے 1990 اور2000ءکی دہائی میں شہرت حاصل کرنے والی حدیقہ کیانی فلاحی سرگرمیاں انجام دینے میں مصروف ہیں۔ وہ اب ایک بارپھر اپنا میوزک البم لانچ کرنے کرنے جارہی ہیں۔
اس پر انسٹاگرام پر ایک خاتون نے انہیں نازیبا طورپر طنزکا نشانہ بناتے ہوئےتبصرہ کیا تھا کہ 'آنٹی اب تمہاری اللہ اللہ کرنے کی عمر ہے'۔
48 سالہ گلوکارہ نے مہذب انداز سے اس یوزرکو بغیر اس کا نام لیے مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ بڑی عمر کے حوالے سے کمنٹ ہمیشہ لڑکیوں کی طرف سے آتے ہیں، میں نے اس لڑکی کا نام ظاہر نہیں کیا کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ کوئی اسے ہراساں کرے،لیکن ہمیں اپنی بیٹیوں کی پرورش اچھے طریقے سے کرنی چاہئے تاکہ وہ اپنے آپ اور دوسری عورتوں سے محبت کریں۔
اس خیال کو اس ملک سے ختم ہونا چاہیے کہ 35 سال کی عمر کے بعد آپ کو مر جانا چاہیے یا پھر دروازے کے پیچھے بند ہو جانا چاہیے۔ اگر اللہ مجھے اتنی توانائی، طاقت اور حوصلہ دیتا ہے کہ میں 55، 65، یا 75 سال کی عمر میں اتنی ہی چست رہوں اور میں ایسی رہنا بھی چاہوں تو رہوں گی۔ معاشرے کو اس بات کا درس نہیں دینا چاہیے کہ آپ کو اپنی زندگی کیسے گزارنی ہے۔
حدیقہ کا کہنا تھا کہ خواتین محتاط رہیں، آپ سب کو ایک دن بڑی عمر کو پہنچنا ہے۔ آپ سب کا وزن یا تو کبھی کچھ پاؤنڈ بڑھ جائے گا یا کم ہو جائے گ، چہرے پر کچھ سلوٹیں آ جائیں گی اور آپ کی تمام کامیابی اور آزادی کے باوجود معاشرہ آپ کو پرکھے گا اور چاہے گا کہ آپ اس کے بتائے ہوئے معیار کے مطابق زندگی گزاریں، لیکن ہمیں بطور خواتین ایک دوسرے کو محدود نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے لکھا کہ 'جہاں تک 'اللہ اللہ کرنے کا وقت ہے' والے کمنٹ کا تعلق ہے تو آپ کو اللہ کو ہر عمر میں یاد رکھنا چاہیے۔'




































