
لاہور(ویب ڈیسک )گلوکارہ علی ظفر کے پیش کئے گئے 11گواہوں پر جرح مکمل کر لی گئی تمام گواہان نے گلوکارہ میشا شفیع کے
اداکار علی ظفر پر لگائے گئے جنسی ہراساں کے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے علی ظفر کی حمایت میں بیان دیا۔
سیشن جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی ۔تمام گواہان گلوکار علی ظفر کی رہائشگاہ پر ہونے والے جیمنگ سیشن میں موجود تھے۔ گواہاں میں گٹارسٹ اسد احمد، موسیقار کاشف چمن، کی بورڈ پلیئرجوشوا کیتھ، بیس پلئیر محمد علی، ڈرمر قیصر زین، گلوکارہ اقصی علی، باقر عباس اور موسیقار محمد تقی سمیت دیگر شامل تھے۔
اسی کیس میں عدالت نے مزید 13 گواہوں کو آئندہ ماہ 11 جون کو جرح کے لیے طلب کرلیا۔جن مزید گواہوں کو طلب کیا گیا ہے وہ دیگرسیشنز اور جگہوں پر موجود تھے۔
کیس میں عدالت کے سامنے پیش ہونے والے گواہوں کی مجموعی تعداد 24 ہے، جن میں سے 11 گواہ جیمنگ سیشن کے تھے اور ان پر جرح مکمل ہوچکی۔
میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کی درخواست محتسب اعلیٰ کے یہاں بھی دائر کی تھی اور اس کے جواب میں علی ظفر نے بھی گلوکارہ کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعوی دائر کیا تھا۔
دونوں کا کیس لاہور کی سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہے اور لاہور ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کو تین ماہ کے اندر گواہوں پر جرح کے بعد فیصلہ سنانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔




































