
اسلام آباد(شوبز ڈیسک ) اداکار یاسر حسین اور اداکارہ اقراعزیز کے درمیان تعلقات کی خبریں طویل عرصے سےزیر گردش تھیں ،آخر کار
ان دونوں اداکاروں نے اپنے رشتے کا اعلان سب کے سامنے کردیا۔
ایک سال سے ان دونوں اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو دیکھ کر مداحوں کویہی محسوس ہورہا تھا کہ ان دونوں نے منگنی کرلی ہے،تاہم یاسر اور اقرا اس حوالے سے خاموش رہے،جبکہ خود کو ہمیشہ ایک دوسرے کا اچھا دوست ہی کہا۔
یاسر حسین نے بھی ایک انٹرویو میں اقرا کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا تھا کہ وہ صرف ان کی اچھی دوست ہیں۔تاہم گزشتہ روز کراچی میں منعقد ہوئے لکس اسٹائل ایوارڈز کے دوران یاسر حسین نے پوری دنیا کے سامنے اقرا عزیز کو شادی کی پیشکش کی جبکہ ان کو انگوٹھی پہنا کرمنگنی بھی کرلی۔
اس دوران دونوں اداکار ڈیزائنرعلی ذیشان کی جانب سے بنائے ایک جیسے جوڑوں میں نظر آئے۔اقرا عزیز نے بھی شو کے دوران یاسر کو اپنی 'زندگی کی محبت' قرار دیا تھا۔جس کے بعد یاسر حسین نے بھی اقرا کو سب کے سامنے شادی کی پیشکش کی۔ البتہ اس دوران اداکار بہت زیادہ نروس نظر آئے۔
یاسر حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 'اقرا نے جب آج دو ایوارڈز جیتے تو میں نے سوچا کہ یہی موقع ہے تیسرا ایوارڈ بھی جیتنے کا' جس کے بعد وہ اپنے گھٹنوں پر بیٹھ گئے
بعدازاں یاسر حسین نے اقرا کو انگوٹھی پہنائی اور ان کے بوسے لیے تاہم سوشل میڈیا پر یاسر کی اس حرکت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ یاسر حسین کو ایورڈ شو میں بولی وڈ اداکار عمران ہاشمی کی طرح بننے کی ضرورت نہیں تھی۔




































