
کراچی (رنگ نوڈاٹ کام ) پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ ذہین طاہرہ 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں ۔ ذہین طاہرہ کو گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے
بعد کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زیرِ علاج تھیں۔
ذہین طاہرہ کو طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث وہ وینٹی لیٹر پر متتقل کیا گیا تھا ،تاہم طبعیت میں بہتری آنے کے بعد چار دن قبل اسپتال سے گھر منتقل کیا گیا تھا ۔
منگل کی صبح اچانک انکی طبعیت اچانک خراب ہوئی تو انہیں اسپتال میں دوبارہ وینٹی لیٹر پررکھا گیا لیکن ان کی حالت سنبھل نہیں سکی اوروہ انتقال کر گئیں۔
ذہین طاہرہ نے چاردہائیوں تک ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کےجوہر دکھائے،ذہین طاہرہ 1949ء میں بھارتی شہر لکھنو میں پیدا ہوئیں، 45 برس ٹیلی ویڑن سے منسلک رہیں۔
انہوں نے ریڈیو، اسٹیج اور ٹی وی کے علاوہ کئی فلموں میں بھی کام کیا، مرحومہ نے 700 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ذہین طاہرہ نے پی ٹی وی سمیت نجی چینلز کے مختلف ڈراموں میں لازوال کردار نبھائے۔
ذہین طاہرہ نے خدا کی بستی، عروسہ، دستک، دیس پردیس، کالی آنکھیں، کہانیاں، وقت کا آسمان، ماسی اور ملکہ، راستے دل کے، کیسی ہیں دوریاں، شمع، دل دیا دہلیز، چاندنی راتیں، آئینہ، تجھ پہ قربان، دل دیا دہلیز، انوکھا بندھن، خالہ خیرن، جینا اسی کا نام ہے، زینت، عروسہ، عجائب خانہ، راستے دل کے اور دیگر لاتعداد کلاسک ڈراموں میں جلوہ گر ہونے کا موقع ملا۔
ذہین طاہرہ کو پی ٹی وی کے سب سے مقبول ترین ڈرامے خدا کی بستی میں کام کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ٹی وی پر آن ائر ہونے والا ان کا آخری ڈرامہ سیریل ’’ببن خالہ کی بیٹیاں ‘‘ تھا جو حال ہی میں اختتام پزیر ہوا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے اداکاری کے میدان میں لازوال خدمات کے اعتراف میں ذہین طاہرہ کو 2013ء میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔




































