
کراچی (شوبز ڈیسک)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے انتخابات
برائے 2021۔2022 میں احمد شاہ اعجاز فاروقی پینل بھاری اکثریت سے جیت گیا۔ احمد شاہ اعجاز فاروقی پینل، ڈیموکریٹ آرٹس فورم اور آرٹس فورم پینل کے درمیان مقابلہ ہوا ۔احمد شاہ اعجاز فاروقی پینل نے مجموعی طور پر 92 فیصد سے زیادہ ووٹوں سے برتری حاصل کی ۔ تفصیلات کے مطابق کل ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد 2135 ہے 61 ووٹ مسترد ہوئے ۔
صدارتی امیدوار کے لیے محمد احمد شاہ نے 1830ووٹ حاصل کر کے میدان مار لیا۔ نائب صدر کی امیدوار حسینہ معین نے 1825، سیکریٹری کے لئے، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے1851اور جوائنٹ سیکریٹری کے امیدوار اسجد حسین بخاری نے 1733 ووٹوں کی بھاری اکثریت لے کر کامیابی حاصل کی ۔گورننگ باڈی کی12نشتوں کے لیے ،طلعت حسین نے سب سے زیادہ 1903 ووٹ حاصل کئے ، ڈاکٹر قیصر سجاد 1857،کاشف گرامی 1844، قدسیہ اکبر 1839،منور سعید 1808،محمد اقبال لطیف 1797،نورالہدی شاہ 1790،ڈاکٹر عنبرین حسیب عنبر 1778،سعادت حسین جعفری 1756 ، بشیر سدوزئی1718،ڈاکٹر محمد ایوب شیخ 1657 اور نصرت حارث نے 1665 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق نتائج کا اعلان الیکشن کمیشنر اور ڈپٹی کمشنر ساوتھ نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب2 بجے کیا ۔اس موقع پر امیدواروں کے علاوہ ممبران کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ نتائج کے اعلان سے قبل الیکشن کمیشنر نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ملک پھر میں تعلیم یافتہ افراد کا ایک مثالی ادارہ ہے۔ یہاں منعقد ہونے والے انتخابات سے ملک بھر میں مثبت پیغام جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تینوں پینل کے امیدواروں اور ممبران آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو مبارک باد دیتا ہوں ۔ بعد ازاں نو منتخب صدر محمد احمد شاہ نے کارکنوں اور ممبران آرٹس کونسل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ختم ہو گئے ،تمام ممبران ایک ہیں اور ہم مل کر آرٹس کونسل کو مذید ترقی دیں گے، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاتے ہیں ۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ 24 دسمبر کی رات بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا کیک کاٹیں گے، اس سے قبل انتخابات کی کامیابی کا جشن ہو گا ۔اس موقع پر ایس، او،پی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔





































