
لاہور(خبر ایجنسی،شوبز ڈیسک)لاہور کی سیشن عدالت نے سائبر کرائم کے درج مقدمہ میں مسلسل طلبی نوٹسز کے باوجود پیش نہ ہونے پر اداکارہ
عائشہ ثنا کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے 4اکتوبر کو ایف آئی اے سے ملزمہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کے حوالے سے عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کر لی ہے،جمعرات کو ایڈیشنل سیشن جج سید علی عباس نے کیس کی سماعت کی۔ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے شہری یوسف بیگ مرزا کی مدعیت میں عائشہ ثنا کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کا چالان بھی ایف آئی اے نے عدالت میں جمع کروا رکھا ہے۔
چالان کے مطابق اداکارہ عائشہ ثنا پر شہری یوسف بیگ مرزا کی فیملی کو بدنام کرنے کا الزام ہے ۔اداکارہ پر مدعی کی بیوی اور بیٹی کی نازیبا تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا بھی الزام ہے ۔مقدمہ مدعی کے مطابق عائشہ ثنا نے ایک ویب سائٹ پر بیوی اور بیٹی کیخلاف مواد اپ لوڈ کیا۔





































