
کراچی (شوبز ڈیسک ) کراچی کی عدالت نے مارننگ شو کی میزبان اوراداکارہ نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ کے مقدمےمیں ملزم کو 8 اکتوبر تک عدالتی
ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو مارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔
ایف آئی اے نے اداکارہ نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ کرنے والے گرفتار ملزم آئی ٹی ایکسپرٹ حماد سمیع کو عدالت میں پیش کیا۔عدالت نے ملزم کو 8 اکتوبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے کیس کا چالان طلب کرلیا۔
ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ستمبر 2020میں نادیہ خان کا یوٹیوب چینل ہیک کیا گیا، نادیہ خان نے ایک آئی ٹی ایکسپرٹ کے ذریعے اپنا چینل ریکور کروایا تھا، تاہم آئی ٹی ایکسپرٹ نے یوٹیوب چینل میں گوگل پبلشر آئی ڈی اور بینک تفصیلات تبدیل کردیں، جس کے نتیجے میں نادیہ خان کے یوٹیوب چینل کی تمام کمائی آئی ٹی ایکسپرٹ کو جانے لگی اور نادیہ خان کو کم از کم 60لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔





































