
کراچی (شوبز ڈیسک ،خبر ایجنسی) اداکار عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ مرد چاہے کتنا ہی بڑا بدمعاش کیوں نہ ہو، عورت کی اجازت
کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا۔
نجی ٹی وی پر انٹرویو میں عدنان صدیقی نے اپنے مشہور ڈرامے میرے پاس تم ہو میں اپنے کام کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈرامے میں کام کرنے کی حامی بھرتے وقت تک اسکرپٹ نہیں پڑھا تھا لیکن جب ہمایوں سعید نے دو ٹکے کی عورت کے ڈائیلااگ کا منظر شوٹ کروایا تب انہوں نے پورا اسکرپٹ پڑھا۔
اداکارعدنان صدیقی نے کہا کہ دنیا میں دونوں صنفوں یعنی مرد و خواتین میں برے لوگ پائے جاتے ہیں، لیکن دنیا کا کوئی بھی کتنا ہی بدمعاش مرد کیوں نہ ہو۔وہ عورت کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا۔انہوں نے وضاحت کی کہ خاتون کی جانب سے تھوڑی سی اجازت ملتی ہے تو مرد کچھ زیادہ کرلیتا ہے۔
عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں مرد اور عورت دونوں کا گناہ ایک جیسا ہی نقصان دہ ہوتا ہے اور دونوں پر برابر ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،اس لئے کسی ایک کو گنہگار ٹھہرانا غلط ہے۔





































