
لاہور (شوبز ڈیسک) ایکشن فلم ٹچ بٹن کی پروڈیوسر و اداکارہ عروہ حسین نے سونیا حسین کی جانب سے بھجوائے گئے 50 لاکھ
روپے کے نوٹس سے متعلق کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ اداکارہ کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہوگی۔
سونیا حسین نے چند دن قبل بتایا تھا کہ انہوں نے عروہ حسین کو ٹچ بٹن میں کام کرنے کا معاوضہ نہ دینے پر 50 لاکھ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا دیا۔ ان کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں عروہ حسین کو کہا گیا تھا کہ وہ 14 دن کے اندر جواب دیں، دوسری صورت میں ان پر 50 لاکھ ہرجانے کا دعوی دائر کیا جائے گا۔
اداکارہ عروہ حسین کی جانب سے تاحال سونیا حسین کو کوئی جواب نہیں دیا گیا جب کہ پروڈیوسر نے اداکارہ کی جانب سے نوٹس بھجوائے جانے کے معاملے سے بھی بے خبری کا اظہار کردیا،عروہ حسین نے کہا کہ انہیں سونیا حسین کی جانب سے نوٹس بھجوائے جانے کے معاملے کا کوئی علم نہیں اور یہ کہ انہیں یقین ہے کہ سونیا حسین غلط فہمی کا شکار ہوئی ہوں گی، جس سے وہ آپس میں مل کر حل کرلیں گی۔





































