
کراچی (ویب دیسک ،خبرایجنسی )وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خدشہ ہے بھارت اندرونی مشکلات سے توجہ
ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کرے گا۔
کراچی میں ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، بھارت میں معاشی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں اقدامات سے 2 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا۔ مقبوضہ کشمیر میں 6 ماہ میں 4 لاکھ افراد بے روزگار ہوئے ، خدشہ ہے بھارت اندرونی مشکلات سے توجہ ہٹانے کے لیے پلوامہ جیسا ناٹک نہ رچائے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بی جے پی کو تین ریاستوں کے انتخابات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، خدشہ ہے بھارت اندرونی مشکلات سے توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کرے گا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے تقریب میں موجود تاجروں کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کی رسائی سے مل کر ہمیں کام کرنا ہوگا، میرا یہاں آنے کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان نے خارجہ امور میں بہتری لانی ہے تو معاشی استحکام ضروری ہے، آج دنیا کی سوچ کا انداز بھی بدل رہا ہے، مانگنے والوں کی طرف دنیا کی توجہ نہیں ہے۔ حکومت جیسے مرضی پالیسی بنالے جب تک کاروباری طبقہ بہتر نہیں ہوگا ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ فارن آفس میں نئی منڈیوں کی تلاش کے لیے ایک علیحدہ محکمہ قائم کیا گیا ہے، ہمیں 44 ممالک میں اپنے کاروبار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، نیروبی میں پاکستان میں ٹریڈ اور اکانومی کانفرنس کی، بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں کرائی گئیں، افریقا میں انجینئرنگ سیکٹر اور ٹریکٹر کی مارکیٹ ہے لیکن ہم نے کام نہیں کیا۔ وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ جب بہت سے فیصلے معاشی نہیں سیاسی بنیادوں پر کریں تو نقصان ہوگا، سعودی عرب، امارات اور چین کے ساتھ سفارت کاری کے ذریعے اربوں ڈالر حاصل کیے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تاجر ترقی کا انجن ہیں بنگلا دیش نے ٹیکسٹائل سیکٹر میں ہمیں پیچھے چھوڑدیا ہے، بنگلادیش کاٹن پیدا نہ کرنے کے باوجود ویلیو ایڈیشن سے اربوں ڈالر برآمدات کر رہا ہے۔ افریقہ میں انجینئرنگ سیکٹر کی بڑی مارکیٹ ہے، افریقہ میں پاکستان کی تجارت صرف ڈیڑھ ارب ڈالر ہے، فیصلہ کیا ہے افریقہ میں نئے مشن کھولیں گے اور کچھ کو اپ گریڈ کریں گے، کینیا میں پاکستان نے پہلی ٹریڈ اور سرمایہ کاری کانفرنس کا اہتمام کیا ہے۔





































