
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی ) وزیراعظم عمران خان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کو لکھے
گئے خط میں اس بات کی دوبارہ یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت اور پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی رہے گی،کشمیرکاز کے ساتھ کمٹمنٹ ہمارے ڈی این اے کا حصہ ہے۔ ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ جب تک جموں وکشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا پیدائشی حق خودارادیت نہیں مل جاتا ،پاکستان کشمیریوںکی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی جدوجہد آزادی میں جرا¿ت مندانہ کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور اپنی حکومت کی تعریف کرنے پر سید علی گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی حکومت خاص طورپر ریاست مدینہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دعا کی درخواست کی ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کے پاکستان میں نمائندے عبداللہ گیلانی کی جانب سے جمعرات کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے سید علی گیلانی کو دسمبر2019 میں لکھے گئے خط کو ٹویٹ کردیاگیا۔ خط کے مندرجات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سید علی گیلانی کی اچھی صحت اور لمبی زندگی کیلئے دعا کی اور اس کے ساتھ ان کی جدوجہد آزادی کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی جرات استقامت اور کشمیری کی آزادی کیلئے قائدانہ کردار کو میں سلام پیش کرتا ہوں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر کو 72سال ہوچکے ہیں بھارت مظلوم کشمیریوں مرد ، خواتین اور بچوں پر بلا تفریق طاقت کا استعمال کررہا ہے جو کہ سب سے تکلیف دہ پہلو ہے۔ مگر اس کے باوجود کشمیری ہمارے بہن بھائی جدوجہد آزادی اور انڈیا کے غاصبانہ قبضے کیخلاف قربانیاں پیش کررہے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت جذبہ حریت اور قوت آزادی کو شکست نہیں دے سکتی۔ اس کے ساتھ سب سے تکلیف دہ حقیقت ہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے جس میں سیکورٹی کونسل کی قراردادیں ، باہمی معاہدے حتیٰ کہ مہذب رویوں کی بھی خلاف ورزی کررہا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں بھی اس مسئلے کو اٹھایا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کو حل کریں اور زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔




































