
لندن(ویب ڈیسک ،خبرایجنسی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے
کہا ہے کہ عمران نیازی دماغ کی جگہ ڈیڑھ سال سے معیشت صرف زبان سے چلا رہے ہیں۔ نوکریاں جنگل اور سکون قبر دے گی، عمران پاکستان کو شداد کی جنت بنانا چاہتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت پر الزامات اور ان کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر نیا پاکستان بنایا جارہا ہے۔شرح سود 14فیصد، مہنگائی 15 فیصد اور عوام آٹا و چینی سے محروم، یہ ہے عمران کی فلاحی ریاست ؟جبکہ شہبازشریف نے کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ 27 سال پہلے 1991میں 23اور24فروری کی درمیانی شب بھارتی فوج کے کن اور پوش پورہ گاو¿ں میں ظلم کو دنیا نہیں بھولی۔کشمیری خواتین کی اجتماعی بے حرمتی کا یہ واقعہ تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے ان دیہات میں اس دن مردوں پر بھی انتہائی بہیمانہ تشدد کیاگیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ کشمیری ماوں، بہنوں، بیٹیوں نے عظیم قربانیوں سے ثابت کیا کہ وہ اپنی آزادی کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔
۔




































