
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبہ میں
درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے حکومت پہلے دن سے ہی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، سنگین انتظامی و مالی مسائل ورثہ میں ملے، بجلی و گیس کی چوری میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
اجلاس میں وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ندیم بابر اور سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت پٹرولیم اور توانائی کی جانب سے گذشتہ 18 ماہ میں ذیلی اداروں میں انتظامی ڈھانچہ میں اصلاحات، محصولات میں اضافہ اور ان اداروں کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے ضمن میں لئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ شرکاءکو وزارت توانائی اور پٹرولیم کو درپیش مسائل اور ان کے حل کےلئے زیر غور تجاویز پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے موجودہ حکومت روز اول ہی سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لے رہی ہے، توانائی کے شعبہ میں سنگین انتظامی و مالی مسائل ہمیں ورثہ میں ملے ہیں، اس کے باوجود ہماری اولین ترجیح رہی ہے کہ ان مسائل کی وجہ سے عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔
وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لینا ہوں گے اور اس ضمن میں بھرپور عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ ایک طرف عوام کو مسائل کی نوعیت اور ان کے حل کےلئے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر اعتماد میں لیا جا سکے وہاں بجلی و گیس کی چوری میں ملوث عناصر کو عوام کی مدد سے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
۔ وزیراعظم نے کہا کہ برسوں سے رائج غیر مو¿ثر اور کرپشن سے آلودہ نظام اگر ڈیلیور نہیں کر رہا تو اس کا بوجھ کسی صورت عام آدمی ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم نے وزارت توانائی اور پٹرولیم توانائی سے متعلقہ مسائل کے حل کےلئے ایمرجنسی پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ سسٹم کی اصلاح کے عمل کا بوجھ عام آدمی پر کم سے کم پڑے۔




































