
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے حزب اختلاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا
ہے کہ سیاست میں دو نکتہ نظر ہوتے ہیں اور ہونے بھی چاہئیں لیکن مخالفت میں اتنے نہ بڑھ جائیں کہ پورا نظام متاثر ہو۔
منگل کو پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسمبلی میں احتجاج ضرور کیجیے لیکن اگر آپ اسمبلی کو غیر فعال بنا دیں گے تو کیا اس سے نظام مضبوط ہو گا یا کمزور ہو گا۔احتجاج، جلسے جلوس آپ کا حق ہے ضرور کیجیے لیکن اگر آپ پوری معیشت کو مفلوج بنائیں گے تو کیا اس سے نظام مضبوط ہو گا یا کمزور ہو گا؟انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا سے اشارے مل رہے ہیں کہ کرونا وبا ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہی ہے ،پاکستان میں بھی وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ان حالات میں اگر آپ ایسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے تو اس کا نقصان آپ کے اپنے کارکنان کو ہو گا عام شہری کو ہو گا،اس لیے ایسی حکمت عملی بنائیں جو نقصان کا باعث نہ بنے۔





































