
گلگت (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت ہر ادارے سے
عوام کا روزگار ختم کررہا ہے، ہم نے نہ صرف گلگت بلتستان کو حقوق دلانے ہیں بلکہ گلگت بلتستان کوعمران خان سے بھی بچانا ہے ، عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا،ہم ان کو موقع نہیں دے سکتے ۔
گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں انتخابی مہم کے دوران ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ صرف انتخابی مہم نہیں بلکہ علاقے کے حقوق کی جدوجہد ہے جس کو ہم کئی برسوں سے چلارہے ہیں اور اب اس کا آخری مرحلہ آچکا ہے۔ہمارا منشور علاقے کے لوگوں کی آ واز ہے اور اب پوری دنیا کو بتانا ہے کہ حقوق دیے جائیں اور اسلام آ باد بھی گلگت بلتستان کی آواز سنے۔
بلاول بھٹو زرداری کا منشور ہی گلگت بلتستان کے عوام کا مطالبہ ہے، پوری دنیا کو بتانا ہے کہ گلگت بلتستان کو حقوق دو، ہماری آواز اسلام آباد کو سننا پڑے گی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق اسلام آباد میں فیصلے ہوں گے تو پھر مسائل حل ہوں گے، آج اسلام آباد میں بیٹھے لوگ گلگت بلتستان کے حوالے سے از خود فیصلے تو لیتے ہیں لیکن جب تک یہاں کے لوگوں کی بات نہیں سنیں گے اور یہاں لوگوں کی وہاں موجودگی نہیں ہوگی تو ہم پوچھتے رہیں گے کہ گلگت بلتستان کے عوام بے روزگار کیوں ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا تھا اور مجھے موقع ملا تو ان کے خواب پورے کروں گا، پی پی پی نے ہمیشہ غریب اور پسماندہ علاقوں کا خیال رکھا اور مظلوم طبقات کی خدمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے جو کام کیے تھے آج تک یہاں کے عوام کو اس کا فائدہ مل رہا ہے، گندم کی سبسڈی انہوں نے شروع کی تھی اور آج بھی جاری ہے۔چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ یہاں کی خواتین کے لیے تعلیمی ادارے ہونے چاہئیں، خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی ہسپتال بنانے ہوں گے اور خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہوگا۔





































