
اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو
نے گلگت بلتستان سے ایف سی آر کا خاتمہ کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جی بی کے عوام کی خدمت کی اور آصف علی زرداری نے جی بی کو شناخت دی، جی بی کو اسمبلی دی، جی بی کو پہلا گورنر دیا اورگلگت بلتستان کو پہلا وزیراعلیٰ دیا۔ اب یہ انتخابات اقتدار میں آنے کے لئے نہیں ہیں بلکہ یہ جی بی کے عوام کے لئے بہتر مستقبل کی جدوجہد ہے۔
یہ باتچیئرمین پیپلز پارٹی نے ا سکردو میں انتخابی مہم کے دوران ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے ان پارٹی جیالوں کو زبردست خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا۔ اس طرح مہدی شاہ بھی انہی لوگوں میں سے ایک ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مہدی شاہ کو "بابائے روزگار" کا لقب دیا جو کہ مہدی شاہ نے جی بی کے 25ہزار نوجوانوں کو اپنے دور حکومت میں روزگار دیا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی جی بی کے عوام کو بھی وہی حقوق دینا چاہتی ہے جو ملک کے باقی حصوں میں پارٹی نے عوام کو دلوائے ہیں۔ اب یہ شہید ذوالفقار علی بھٹوکے نواسے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بیٹے کا وعدہ ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد پہلی ترجیح نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہوگی۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کو روزگار دیا ہے اور جن لوگوں کو فاشسٹ حکومتوں نے نوکریوں سے نکالا تھا انہیں ان کی ملازمتوں پر بحال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزگار اور حقوق جی بی کے عوام کا حق ہے اور اس حق کے حصول کے لئے عوام پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ووٹوں کی مدد سے ہم عوام کو پی ٹی آئی کی حکومت کی تباہی سے تحفظ دے سکیں گے۔





































