
لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو 11روز بعد سروسز ہسپتال سے
ڈسچارج کر دیا گیا جس کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیا، ہسپتال میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی ۔
پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر امجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی گزشتہ چند دن سے طبیعت بہتر ہے،ان کا سانس کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، انہیںنمونیہ کی وجہ سے سانس کا مسئلہ ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ تازہ ایکسرے میں دیکھا گیا ہے کہ نمونیہ ایسے غائب ہو گیا جیسے تھا ہی نہیں اور نہ ہی چودھری شجاعت حسین کو کسی آکسیجن ماسک کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہسپتال میں ان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی عیادت کے لیے آیا ہوں، وہ انتہائی ملنسار ہیں، ان کا سیاست میں اپنا مقام ہے۔





































