
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)پاکستان نے ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل کی
سختی مذمت کرتے ہوئے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی سے گریز کرے، او آئی سی اجلاس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی خواہشات کے تناطر میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر زور دیا گیا،وزرائے خارجہ کونسل نے متفقہ طور پر اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی قرارداد کو منظور کیا،قرراداد میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیا جس کی وجہ سے دنیا کے 1.8ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالحفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس نیامے نائیجر میں منعقد ہوا جس میں فلسطین اور جموں و کشمیر پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ دوران اجلاس ایک متفقہ اور ٹھوس قرارداد میں او آئی سی نے جموں و کشمیر پر ٹھوس الفاظ میں موقف دیتے ہوئے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، محاصرے اور ماورائے عدالت قتل عام روکنے کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلامیے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی خواہشات کے تناطر میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر زور دیا گیا۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کا آئندہ 47واں اجلاس اسلام آباد میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزرائے خارجہ کونسل نے متفقہ طور پر اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی قرارداد کو منظور کیا۔ قرراداد میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیا جس کی وجہ سے دنیا کے 1.8ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ترجمان نے کہا کہ قرارداد میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال 15مارچ کو اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کے عالمی دن کے طور پر منایا جائے گا۔




































