
واشنگٹن (ویب دیسک،فوٹو فائل )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےآسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی
سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بونڈائی بیچ پر ہونے والے حملے کو انتہائی خوفناک اور افسوسناک قرار دیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مذہبی تہوار منانے والے افراد کو کسی بھی قسم کے خوف کا شکار نہیں ہونا چاہیے، اور لوگوں کو مکمل اعتماد اور اطمینان کے ساتھ اپنے تہوار منانے چاہییں۔ انہوں نے امن و برداشت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تشدد کی ایسی کارروائیاں کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
امریکی صدر نے واقعے کے دوران جان کی پروا نہ کرتے ہوئے حملہ آور کو روکنے والے شہری کو بہادر اور قابلِ احترام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شخص کی غیرمعمولی جرات اور بروقت اقدام کے باعث کئی قیمتی جانیں بچ گئیں۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے دوران ایک شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں کیا، اس سے اسلحہ چھینا اور متعدد افراد کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا۔ اس اقدام کو عوامی حلقوں میں بھی خوب سراہا جا رہا ہے





































